Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کپتانی پر ’بحث‘، شاہین آفریدی پی سی بی کے خود سے منسوب بیان سے لاعلم

کرکٹ ورلڈ کپ کے بعد بابر اعظم کے کپتانی چھوڑنے پر ٹی20 ٹیم کی کپتانی شاہین آفریدی کو سونپ دی گئی تھی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری کردہ خود سے منسوب بیان سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔
سپورٹس ویب سائٹ ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق شاہین آفریدی کپتانی سے ہٹائے جانے پر خوش نہیں ہیں اور پی سی بی نے انہیں پریس ریلیز میں شامل کرنے کے لیے بیان جاری کرنے کو نہیں کہا۔
بابر اعظم کو دوبارہ کپتان مقرر کیے جانے کے چند گھنٹے بعد ایک پریس ریلیز جاری کی گئی جس میں شاہین کی جانب سے بابر اعظم کو بطور کپتان مکمل حمایت کا وعدہ کیا گیا اور کہا گیا کہ پاکستان کی قیادت کرنا ’ایک اعزاز کی بات تھا۔‘
پی سی بی کی پریس ریلیز میں شاہین آفریدی سے منسوب بیان میں کہا گیاتھا کہ ’میں ہمیشہ یادوں اور مواقع کی قدر کروں گا۔ ٹیم کے کھلاڑی کی حیثیت سے یہ میرا فرض ہے کہ میں اپنے کپتان بابر اعظم کی حمایت کروں۔ میں نے ان کی کپتانی میں کھیلا ہے اور میں ان کا احترام کرتا ہوں۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ’میں میدان کے اندر اور باہر بابر اعظم کی مدد کرنے کی کوشش کروں گا۔ ہم سب ایک ہیں، مقصد ایک ہی ہے اور وہ ہے پاکستان کو دنیا کی بہترین ٹیم بنانے میں مدد کرنا۔‘
اس سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے اتوار کو سوشل میڈیا سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’میں سلیکشن کمیٹی میں موجود اتنے تجربہ کار کھلاڑیوں کے فیصلے پر حیران ہوں۔ میں ابھی بھی سمجھتا ہوں کہ اگر تبدیلی ضروری تھی تو رضوان کا انتخاب بہترین ہوتا۔‘

مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس پر شاہین اور بابر کے حوالے سے خبریں گردش کرنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے بھی اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
زرار نامی صارف نے لکھا کہ ’صرف ایک خراب سیریز اور شاہین کو ہٹا دیا گیا۔‘

ایک صارف نے اپنی پوسٹ میں شاہین آفریدی کیلئے پیغام دیا ’یہ وقت بھی گزر جائے گا، مضبوط رہو شاہین۔‘

ایک اور صارف نے لکھا ’شاہین بھی ہمارا ہے بابر بھی ہمارا ہے۔‘

ایک پوسٹ میں لکھا گیا ’کپتان اپنے کام پر واپس، پہلے روہت شرما اور اب بابر اعظم۔‘

اتوار کو پی سی بی نے بابر اعظم کو ایک بار پھر ٹی20 اور ون ڈے کا کپتان مقرر کر دیا تھا۔
بابر اعظم نے 2023 کے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے بعد ون ڈے اور ٹی20 کی کپتانی چھوڑنے کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد ٹی20 ٹیم کی کپتانی شاہین آفریدی کو سونپ دی گئی تھی۔
اس کے علاوہ بابر اعظم نے ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی سے بھی استعفیٰ دے دیا تھا جس کے بعد ٹیسٹ ٹیم کا کپتان شان مسعود کو بنایا گیا تھا۔

شیئر: