اے ایف سی انڈر23 ایشین کپ: سعودی عرب کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا
اے ایف سی انڈر23 ایشین کپ: سعودی عرب کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا
منگل 23 اپریل 2024 18:34
سعودی ٹیم نے تاجکستان کو 4-2 سے اور تھائی لینڈ کو 0-5 سے شکست دی (فائل فوٹو: عرب نیوز)
قطر میں کھیلے جانے والے اے ایف سی انڈر 23 ایشین کپ فٹبال ٹورنامنٹ میں سعودی عرب کی ٹیم نے گروپ سی میں 6 پوائنٹس کے ساتھ کوارٹر فائنل میں جگہ محفوظ کر لی۔
عرب نیوز کے مطابق دوحہ کے خلیفہ انٹرنیشنل سٹیڈیم میں پیر کو عراق کی ٹیم سعودی عرب کی انڈر23 ٹیم کو 1-2 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی۔
گروپ سی کے آخری میچ میں عراق کے مقابلے میں سعودی ٹیم چھ پوائنٹس کے ساتھ میدان میں اتری، عراق اور سعودی عرب گروپ میں بالترتیب پہلے اور دوسرے نمبر پر ہیں۔
قبل ازیں سعودی عرب کی ٹیم تاجکستان کو 2 کے مقابلے میں 4 گول سے اور تھائی لینڈ کو 0-5 سے شکست دینے کے بعد کوارٹر فائنل میں پہنچی تھی۔
تاجکستان اور تھائی لینڈ کی ٹیمیں گروپ سی میں تین، تین پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر پر رہیں۔
عراق کے علی جاسم نے پہلے ہاف کے اضافی وقت کے ابتدائی لمحے میں پینلٹی کے ذریعے ٹیم کو برتری دلا دی، تاہم سعودی ٹیم کے احمد الغامدی نے اضافی وقت کے آخری لمحے میں گول کر کے میچ برابر کر دیا۔
دوسرے ہاف میں کھیل ابتدا سے ہی دلچسپ رہا اور عراق کے مصطفیٰ سعدون نے 63 ویں منٹ میں گول کر ٹیم کو سبقت دلا دی جو ان کی کی فتح کا باعث بنی۔
اے ایف سی انڈر 23 ٹورنامنٹ کے گروپ بی میں جنوبی کوریا نے جاپان کو 0-1 سے اور چین نے متحدہ عرب امارات کو 1-2 سے شکست دی۔
جنوبی کوریا اور جاپان نے راؤنڈ کے آخری میچوں سے قبل گروپ سے کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا تھا۔
منگل کو گروپ ڈی کے میچوں کا فائنل راؤنڈ باقی ہے جس میں ازبکستان کا مقابلہ ویت نام سے اور کویت کا مقابلہ ملائیشیا سے ہوگا، تاہم ازبکستان اور ویتنام کی ٹیمیں پہلے ہی چھ ، چھ پوائنٹس حاصل کر چکی ہیں۔
اے ایف سی انڈر 23 ایشین کپ میں 16 ممالک کو چار گروپوں میں تقسیم کیا گیا جس میں سے ہر گروپ کی سرفہرست دو ٹیمیں کوارٹر فائنل میں پہنچی ہیں۔ ٹورنامنٹ کا فائنل 3 مئی کو کھیلا جائے گا۔