Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مجھے کترینہ کیف کے ساتھ کام کرنے کی پیشکش ہوئی تھی، ابرار الحق

ابرار الحق نے اعلان کیا تھا کہ وہ ٹی سیریز اور کرن جوہر کے خلاف گانا بلا اجازت چوری کرنے پر قانونی کارروائی کریں گے (فوٹو: اے ایف پی)
مشہور پاکستانی سنگر ابرار الحق نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں بالی وُڈ کی سپرسٹار اداکارہ کترینہ کیف کےساتھ کام کرنے کی پیشکش ہوئی جسے انہوں نے مسترد کر دیا تھا۔
اس بات کا انکشاف ابرار الحق نے ایک پوڈکاسٹ میں کیا جہاں انہوں نے بتایا کہ اس کے ساتھ ساتھ انہیں انڈیا سے ایک میوزک البم کرنے کی بھی پیشکش کی گئی۔
ابرار الحق پوڈکاسٹ میں بات کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’مجھے (انڈیا سے) فلموں کی پیشکش ہوئی۔ البم کی بھی آفر ہوئی تھی لیکن اُن کے کنٹریکٹ کی مجھے سمجھ نہیں آئی۔ آپ نے بات نہیں کرنی۔ آپ نے کشمیر کے حوالے سے بات نہیں کرنی۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’میں نے سوچا کہ جو ملک آزادی رائے پر یقین رکھتا ہو اسے ایسے نہیں کرنا چاہیے۔ میں نے (کام) نہیں کیا پھر۔‘
پنجابی بھنگڑا گلوکار نے مزید انکشاف کیا کہ ’ایک کمپنی ہے ایروس، انہوں نے مجھے فلم کی پیشکش کی۔ اس میں جو اداکارہ تھیں، وہ تھیں کترینہ کیف۔ میرے دوست تو میرے پیچھے پڑ گئے کہ اگر تم نے فلم نہیں کرنی تو ہمیں تو کرنے دو۔‘
ابرار الحق نے مزید انکشاف کیا کہ ’انہوں (ایروس) نے مجھے یہاں تک کہا کہ ہماری پیشکش کو زندگی میں کبھی کسی نے نہیں ٹھکرایا۔ ہم تو سوچ رہے تھے کہ آپ دوڑے چلے آئیں گے۔‘
خیال رہے کہ ابرار الحق کا 2022 میں مشہور انڈین ہدایت کار کرن جوہر اور میوزک کمپنی ٹی سیریز کے ساتھ تنازع ہوا تھا جب فلم ’جُگ جُگ جیو‘ میں ابرار الحق کے گانے ’نچ پنجابن‘ کو مبینہ طور پر بغیر اجازت کے ریمیک کر کے شامل کیا گیا تھا۔
گانے کے ریلیز ہونے کے بعد ابرار الحق نے اعلان کیا تھا کہ وہ ٹی سیریز اور کرن جوہر کے خلاف گانا بلا اجازت چوری کرنے پر قانونی کارروائی کریں گے۔
ابرار الحق کے الزامات کے جواب میں ٹی سیریز نے موقف اپنایا تھا کہ انہوں نے اس گانے کے حقوق قانونی طور پر حاصل کیے ہیں۔

شیئر: