مملکت میں پانچ برسوں کے دوران فیکٹریوں کی تعداد 12 ہزار سے زیادہ
2035 تک فیکٹریوں کی تعداد 36 ہزار تک پہنچا نے کا ارادہ ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر صنعت و معدنی وسائل بندر الخریف نے کہا ہے کہ’ مملکت میں گزشتہ پانچ برسوں کے دوران فیکٹریوں کی تعداد 8 ہزار 800 سے بڑھ کر 12 ہزار سے تجاوز کرگئی‘۔
الاقتصادیہ اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر صنعت و معدنی وسائل کا کہنا تھا’ سال 2035 تک فیکٹریوں کی تعداد 36 ہزار تک پہنچا نے کا ارادہ ہے‘۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا ’ مملکت میں صنعتی فروغ کے حوالے سے بڑے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے‘۔
کان کنی اور معدنی وسائل کے حوالے سے ان کا کہنا تھا ’ رواں برس کے آغاز میں ’معدنیات اور مستقبل ‘ کے عنوان سے منعقدہ کانفرنس میں واضح کیا گیا تھا کہ معدنیات کے اخراج کے لیے ہمارا ہدف اس میں اضافہ کرنے کا ہے جو کہ 1.3 ٹریلن ڈالر سے بڑھ کر 2.5 ٹریلن ڈالر تک ہوجائے گی‘۔
انہوں نے مزید کہا ’معدنی وسائل کے فروغ کے حوالے سے بھی جامع منصوبوں پرکام جاری ہے‘۔
بیرونی سرمایہ کاری کے بارے میں سوال پر انہوں نے کہا ’سعودی عرب میں ہر اس بیرونی سرمایہ کار کو خوش آمدید کہا جاتا ہے جس کے منصوبے معیشت کے لیے مفید ہوں‘۔
انہوں نے کہا کہ’ کان کنی کے شعبے میں مملکت کا مستقبل اہم ہے جبکہ سپلائی چینز اور قابل تجدید توانائی کےحوالے سے بھی امید افزا ہے‘۔