امارات نے شمالی غزہ میں 400 ٹن غذائی امداد بھیج دی
بھیجی گئی غذائی امداد ایک لاکھ 20 ہزار افراد کےلیے کافی ہے ( فوٹو: وام)
متحدہ عرب امارات نے امریکن نیئر ایسٹ ریفیوجی ایڈ ( انیرا) کی شراکت کے ساتھ اتوار کو اعلان کیا کہ اس نے غزہ کو 400 ٹن غذائی امداد فراہم کی ہے۔
امارات کی خبر رساں ایجنسی وام کے مطابق غزہ کے شمالی علاقوں کے لیے بھیجی گئی غذائی امداد ایک لاکھ 20 ہزار افراد کےلیے کافی ہے۔
اماراتی وزیر مملکت برائے بین الاقوامی تعاون ریم الہاشمی نے کہا کہ’ امارات کی جانب سے غزہ کی پٹی خاص طور پر شمالی علاقے میں غذائی امداد کی محفوظ اور کامیاب فراہمی اور تقسیم اس عمل میں اضافے کے لیے اہم ہے‘۔
انہوں نے کہا’ ہم برادر فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی اور مصائب کے خاتمے کے حوالے سے اپنے موقف پر قائم ہیں‘۔
یاد رہے کہ ایک اماراتی امدادی قافلہ گزشتہ بدھ رفح کراسنگ کے راستے مصر سے غزہ کی پٹی میں داخل ہوا تھا۔
12 ٹرکوں پر مشتمل اس قافلے میں 264 ٹن سے زائد امدادی سامان، بشمول خوراک، پانی اور کھجور شامل ہیں۔
آپریشن شیولرس نائٹ 3 کے تحت غزہ میں داخل ہونے والے امدادی ٹرکوں کی کل تعداد 440 تک پہنچ گئی ہے۔
جس سے غزہ کے عوام کی شدید مشکلات کو کم کرنے اور ان کی بنیادی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی۔