Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جزائر فرسان کے ’حرید‘ فیسٹیول میں مچھلیاں پکڑنے کا نادر موقع

جزائر کے ساحلوں پر خاص قسم کی طوطا مچھلی’حرید‘ کی آمد کا جشن منایا جاتا ہے۔ فوٹو واس
بحیرہ احمر کے جازان ساحل سے 40 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع مرجان سے مزین جزائر فرسان 20 ویں ’حرید‘ فیسٹیول کی میزبانی کر رہا ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی واس کے مطابق اس سالانہ فیسٹیول میں جزائر کے گہرے پانیوں میں خاص قسم کی طوطا مچھلی ’حرید‘  کی آمد کا جشن منایا جاتا ہے۔
جزائر فرسان پر بسنے والے باشندے اس طوطا مچھلی ’حرید‘ کی قریبی ساحلی علاقے میں آمد کی اس تقریب کو انتہائی پسند کرتے ہیں اور اسے سماجی اجتماع کے طور پر مناتے ہیں۔
فیسٹیول میں آنے والوں کو جزائر کے بھرپور ثقافتی ورثے کی جھلک ملتی ہے یہاں منفرد رسوم و رواج، روایات، علاقائی کھیل اور دستکاریوں کی نمائش کی جاتی ہے۔
سیاح جزائر فرسان کے گرد و نواح میں قابل ذکر سیاحتی اور تاریخی مقامات پر بھی اپنی توجہ مرکوز کرتے ہیں۔
علاقے کے سالانہ تہوار میں فرسان کے باشندوں کو اپنی روایتی دستکاری کی نمائش کا موقع بھی ملتاہے۔
زائرین اس فیسٹیول میں ماہی گیری میں کام آنے والے جال کی تیاری، کھجور کے پتوں سے بنی چٹائیاں اور علاقے میں تیار ہونے والے قالین کی  تیاری اور منفرد ٹوپیاں بنانا دیکھ سکتے ہیں۔

جزائر فرسان کے باشندے ماہی گیری کی تقریب کو انتہائی پسند کرتے ہیں۔ فوٹو واس

حرید فیسٹیول میں آنے والے خاندانوں اور بچوں کے لیے ماہی گیری کا شوق پورا کرنے کے لیے مخصوص علاقہ  بنایا گیا تھا۔
فیسٹیول میں حصہ لینے والے سیاح اپنے خاندان سمیت روایتی طریقہ استعمال کرتے ہوئے خاص حرید مچھلی پکڑنے کا منفرد اور سنسنی خیز تجربہ کر سکتے ہیں، یہاں مچھلی جال سے نکلنے اور اسے دوبارہ قابو کرنے اور پکڑ کر پانی سے باہر لانے کا انتظام ہے۔
مچھلی پکڑنے کا یہ مقابلہ قدیم روایت کے طور پر منایا جاتا ہے جس میں  یہاں آنے والی فیملیز کو علاقے کے ماہی گیری  ورثے کو جاننے کا موقع ملتا ہے۔

سیاح خاندان سمیت مچھلی پکڑنے کا منفرد تجربہ کرتے ہیں۔ فوٹو واس

فرسان کے مشہور سیاحتی مقامات نے جزائر کی سیاحت کو اجاگر کیا ہے جس میں خوبصورت قریہ القصار جزیرے سے صرف 5 کلومیٹر کے فاصلے پر ایک مشہور سیاحتی مقام ہے۔
گاؤں میں ثقافتی ورثے کے طور پر کئی گھر مقامی پتھروں اور کھجور کے تنے اور پتوں سے تیار کئے گئے ہیں۔
حرید فیسٹیول جزائر فرسان کے باشندوں کی ثقافت، روایت اور جزیروں کی قدرتی خوبصورتی سے جڑا خوبصورت جشن ہے۔
 

شیئر: