وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آلنہیان کے درمیان آج شام ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے صدر سے ان کے چچا شیخ طہنون بن محمد النہیان کے انتقال پر دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے مرحوم کے بلندی درجات اور متحدہ عرب امارات کے شاہی خاندان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستانی عوام کے دل میں یو اے ای کے شاہی خاندان کے لیے بے پناہ عزت اور احترام ہے۔
’خاص طور پر متحدہ عرب امارات کے بانی مرحوم شیخ زید بن سلطان النہیان کی قیادت کو سراہتے ہیں، جو پاکستان کے عظیم دوست تھے۔ ‘
دونوں رہنماؤں نے برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے باہمی طور پر متفقہ تاریخ پر جلد ملاقات کرنے پر بھی اتفاق کیا۔