Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تبوک میں سکول ٹیچر نے طالبعلم کی جان بچا لی

طالبعلم کو سانس لینے میں مشکل تھی فوری طبی امداد فراہم کی ( فوٹو: سکرین گریب)
سعودی عرب کے تبوک ریجن کے علاقے الرازی کے ایک پرائمری سکول میں ٹیچر نے فوری طور پر ابتدائی طبی امداد فراہم کرکے طالبعلم کی جان بچا لی۔
اخبار 24 کے مطابق سکول ٹیچرعاید محمد البلوی نے بتایا’سپورٹس کے پریڈ کے دوران چھٹی کلاس کا ایک طالبعلم  گلے اور سینے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے میرے پاس آیا جس کا مطلب تھا کہ اسے سانس لینے میں مشکل کا سامنا ہے‘۔
’اسے فوری طور پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ طالبعلم کے گلے میں روٹی کا ٹکڑا پھنسا ہوا تھا، اسے نکالنے میں چند سیکنڈ لگے‘۔
سکول ٹیچر نے بتایا ’انہوں نے محکمہ تعلیم سے ابتدائی طبی امداد کی تربیت لی تھی جس سے طالبعلم کی جان بچانے میں مدد ملی‘۔
اس واقعہ کی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں سکول ٹیچر کے اقدام کی ستائش کی جا رہی ہے۔
وڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے سکول ٹیچر نے معاملے کو سمجھتے ہوئے فوری طور پر طالبعلم کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور اس کے گلے میں پھنسا ہوا بڑا روٹی کا ٹکڑا نکالنے میں کامیاب رہا۔

شیئر: