نئے گھریلو کارکنوں کو تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے ’تحفظ اجرت‘ مہم
ابتدائی طورپر نئےگھریلو کارکنوں سے مہم کا آغاز کیا جارہا ہے (فائل فوٹو: عرب نیوز)
سعودی وزارت افرادی قوت وسماجی بہبود کا کہنا ہے’ نئے آنے والے گھریلو کارکنوں کو تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے ’تحفظ اجرت‘ مہم کا آغاز یکم جولائی 2024 سے کیا جائے گا‘۔
سرکاری خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق تحفظ اجرت مہم کا مقصد فریقین کے حقوق کا تحفظ ہے جس کےلیے وزارت کے پورٹل ’مساند‘ کے ذریعے مقررہ بینکوں کے تعاون سے کارکنوں کو تنخواہوں کی ادائیگی کے سسٹم کو نافذ کیا جائے گا۔
بیان میں کہا گیا کہ ’کارکنوں کی اجرت کے قانون کو مرحلہ وار نافذ کیا جائے گا۔ ابتدائی طورپر نئے آنے والے گھریلو کارکنوں سے مہم کا آغاز کیا جارہا ہے‘۔
مہم کے دوسرے مرحلے کا آغاز یکم جنوری 2025 سے کیا جائے جس میں ایسے آجر جن کے گھریلو کارکنوں کی تعداد 4 تک ہوگی انکا شمار دوسرے مرحلے میں ہوگا۔
وہ آجر جن کے گھریلو ملازمین کی تعداد 2 یا اس سے زیادہ ہوگی ان کےلیے ڈیڈ لائن یکم اکتوبر 2025 مقرر کی گئی ہے۔
تیسرے مرحلے کا آغاز یکم جنوری 2026 سے ہوگا جس میں ایک کارکن والے آجر بھی شامل ہوں گے۔
واضح رہےاس کا مقصد فریقین کے حقوق کا تحفظ ہے۔ گھریلو عملے کی تنخواہیں بینک اکاونٹس کے ذریعے منتقل کرنا اس بات کا ثبوت ہوتا ہے کہ کارکن کو تنخواہ ملی یا نہیں۔