Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض میں فرضی حج کمپنی چلانے والے دو غیر ملکی گرفتار

’تشہیری مہم میں دعوی کیا گیا تھا کہ وہ اجازت نامے کے بغیر بھی حج کراسکتے ہیں‘ ( فوٹو: سبق)
ریاض پولیس نے فرضی حج کمپنی چلانے والے دو غیر ملکیوں کو گرفتار کیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق پولیس نے کہا ہے کہ ’گرفتار شدگان مصری تارکین ہیں‘۔
ریاض پولیس نے کہا ہے کہ ’مذکورہ افراد نے سوشل میڈیا پر تشہیری مہم چلا رکھی تھی جس میں دعوی کیا گیا تھا کہ وہ اجازت نامے کے بغیر بھی حج کراسکتے ہیں‘۔
’گرفتار شدگان نے ریاض میں بری ٹرانسپورٹ کا دفتر کھول رکھا تھا جس کے آڑے وہ فرضی حج کمپنی بھی چلا رہے تھے‘۔
’خفیہ پولیس کے افراد نے گرفتار شدگان سے رابطہ کیا اور حج کی خواہش کا اظہار کیا جس پر فرضی حج کمپنی چلانے والوں نے یقین دلایا کہ وہ اجازت نامے کے بغیر بھی حج کراسکتے ہیں جبکہ مکہ مکرمہ اور مشاعر مقدسہ میں ان کے پاس رہائش ہے‘۔
پولیس نے کہا ہے کہ ’گرفتار شدگان ملک میں غیر قانونی طور پر مقیم تھے‘۔
’ان سے تفتیش جاری ہے اور ضابطے کی کارروائی مکمل ہونے پر انہیں پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کردیا جائے گا‘۔

شیئر: