مسلم لیگ ن انٹراپارٹی الیکشن: صدر کے انتخاب کے لیے جنرل کونسل کا اجلاس آج
منگل 28 مئی 2024 10:11
رائے شاہنواز -اردو نیوز، لاہور
پاکستان کی حکمراں جماعت مسلم لیگ ن آج اپنے نئے پارٹی صدر کا انتخاب کرنے جا رہی ہے۔ پارٹی رہنماؤں کے بیانات سے یہ واضح ہے کہ یہ صدارت اب نواز شریف کے پاس واپس جا رہی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف استعفی دے کر پارٹی صدارت سے الگ ہو چکے ہیں۔ گزشتہ ہفتے پارٹی کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی نے شہباز شریف کا بطور صدر استعفیٰ منظور کیا تھا اور انہیں قائممقام صدر کے طور پر کام جاری رکھنے کی ہدایت کی تھی اور 28 مئی کو اپنے نئے صدر کے انتخاب کا اعلان کیا تھا۔
پارٹی کی مرکزی جنرل کونسل کا اجلاس آج لاہور کے فلیٹیز ہوٹل میں سہ پہر چار بجے ہو گا۔ جنرل کونسل کے اجلاس سے قبل صدر کے عہدے کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروائے جا رہے ہیں۔ پارٹی کے الیکشن کمیشن کے اراکین پارٹی سیکریٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں پہنچ چکے ہیں۔
کاغذات نامزدگی جمع کروانے کے لیے صبح 10 بجے سے دوپہر 12 بجے تک کا وقت رکھا گیا۔ دوپہر ایک سے دو بجے تک کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال جائے گی۔
پارٹی کے الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے وقت تمام تجویز کنندگان اور تائید کنندگان کا موقع پر موجود ہونا ضروری ہو گا۔ دوپہر ڈھائی بجے تک کاغذات نامزدگی واپس لیے جا سکیں گے۔ جبکہ سہہ پہر تین بجے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر دی جائے گی۔ پارٹی کی جنرل کونسل کا اجلاس چار بجے ہو گا۔
جاری قواعد و ضوابط کے مطابق نئے پارٹی صدر کے انتخاب کے لیے جنرل کونسل اجلاس میں شو آف ہینڈ کا طریقہ کار اختیار کیا جائے گا۔ ایک ہی امیدوار میدان میں ہوا تو اسے بلامقابلہ فاتح قررا دیا جائے گا۔ البتہ بلامقابلہ منتخب ہونے والے صدر کی بھی جنرل کونسل سے توثیق کروائی جائے گی۔
اجلاس کے لیے مقامی ہوٹل میں تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔ جبکہ ملک بھر سے جنرل کونسل کے ساڑھے تین ہزار اراکین کی شرکت متوقع ہے۔
جنرل کونسل اجلاس میں پارٹی قائد نواز شریف، قائممقام پارٹی صدر شہباز شریف، چیف آرگنائزر مریم نواز شریک ہوں گی۔ چاروں صوبوں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان سمیت مرکزی، صوبائی، ڈویژنل، ضلعی و تحصیل و ٹاؤن سطح کے عہدیدار بھی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
جنرل کونسل اجلاس کے جاری کردہ ایجنڈے کے مطابق اجلاس کے باقاعدہ آغاز کے بعد پارٹی آئین میں ترامیم تجویز کی جائیں گی اور شرکا سے ان کی منظوری لی جائے گی اوراس کے بعد صدر کے عہدے کے لیے ووٹنگ کا عمل ہو گا۔ پارٹی کے چیف الیکشن کمشنر رانا ثناء اللہ صدر کے انتخاب کے حوالے سے الیکشن کمیشن کے فیصلے کا اعلان کریں گے۔
اجلاس میں کشمیر اور فلسطین کی قراردادیں منظور کی جائیں گی اور اس کے بعد قائممقام صدر شہباز شریف اجلاس سے خطاب کریں گے اور آخر میں نومنتخب صدر مرکزی جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب کریں گے۔
خیال رہے کہ پارٹی کے مرکزی الیکشن کمیشن نے کاغذات نامزدگی وصول کرنے کے لیے پیر کی شام پانچ بجے تک کا وقت رکھا تھا اور کُل 11 امیدواروں نے کاغذات حاصل کیے تھے۔