انڈیا میں سمگلنگ کا انوکھا واقعہ، بڑی آنت میں سونا چھپانے والی ایئر ہوسٹس گرفتار
پریس ٹرسٹ آف انڈیا کو ایک ذریعے نے بتایا کہ ایئر ہوسٹس کو حراست میں لینے کے بعد تفتیش کی گئی۔ فائل فوٹو: انڈین میڈیا
انڈیا کے ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلی جنس (ڈی آر آئی) نے ایک ایئر ہوسٹس کو حراست میں لیا ہے جن پر الزام ہے کہ انہوں نے بڑی آنت میں چھپا کر ایک کلوگرام گولڈ سمگل کیا تھا۔
این ڈی ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق ریونیو انٹیلی جنس نے کولکتہ سے تعلق رکھنے والے کیبن کریو میں شامل سُرابھی خاتون کو خفیہ اطلاع پر روکا تھا۔
ایئر ہوسٹس پر الزام ہے کہ وہ مسقط سے کنور کی پرواز میں سونا چھپا کر لائیں۔
کیرالہ ریاست کے شمالی خطے میں واقع مالابار کے کنور انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر سونے کی سمگلنگ کا یہ واقعہ منگل کو پیش آیا تھا۔
پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلی جنس کے حکام نے ایئر ہوسٹس کی تلاشی لی جس پر معلوم ہوا کہ گولڈ کو بڑی آنت میں چھپایا گیا تھا۔
پریس ٹرسٹ آف انڈیا کو ایک ذریعے نے بتایا کہ ایئر ہوسٹس کو حراست میں لینے کے بعد تفتیش کی گئی۔ اور قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد سربھئی خاتون کو مقامی مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا۔
مقامی عدالت نے ملزمہ ایئر ہوسٹس کو 14 دن کے لیے کنور میں خواتین کے لیے قائم جیل بھیج دیا ہے۔
انڈیا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے ذرائع نے دعویٰ کیا کہ ملک میں یہ پہلا کیس ہے جہاں ایئر لائن کے عملے کے رکن کو بڑی آنت میں چھپا کر سونے کی سمگلنگ کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔
اس معاملے کی تفصیلی تفتیش شروع کر دی گئی ہے اور اب تک جو شواہد اکٹھے ہوئے ہیں ان سے پتہ چلتا ہے کہ ایئر ہوسٹس پہلے بھی کئی بار سونا سمگل کر چکی ہیں۔
ذرائع نے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کو بتایا کہ سمگلنگ گینگ میں کیرالہ سے تعلق رکھنے والے افراد کے ملوث ہونے کی بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
ایئر لائن کے ایک نمائندے سے اس معاملے پر اس کا موقف جاننے کے لیے رابطہ کیا گیا لیکن انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔