عازمین مقررہ اداروں سے ہی رقم تبدیل کرائیں، وزارت حج
لائسنس یافتہ اداروں سے رقم تبدیل کرانا محفوظ ہوتا ہے(فوٹو، ایکس اکاونٹ)
وزارت حج وعمرہ نے عازمین حج کو ہدایت کی ہے کہ وہ کرنسی تبدیل کرانے کے لیے لائسنس یافتہ منی چینجرز کی خدمات حاصل کریں۔
عاجل نیوز نے وزارت حج و عمرہ کی جانب سے جاری ہدایات کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ مختلف ممالک سے آنے والے عازمین حج احتیاطی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے رقم تبدیل کرانے کے لیے غیرقانونی افراد سے رابطہ نہ کریں تاکہ کسی مشکل میں مبتلا نہ ہوں۔
وزارت کا کہنا تھا کہ لائسنس یافتہ کمپنیاں اور ادارہ سعودی مرکزی بینک کی زیر نگرانی کام کرتے ہیں جس کا مقصد رقم کے لین دین کو محفوظ رکھنا اور عازمین کے حقوق کا تحفظ ہے۔
سعودی مرکزی بینک کی جانب سے لائسنس یافتہ کرنسی تبدیل کرنے والے اداروں پر باقاعدہ نگرانی رکھی جاتی ہے تاکہ وہ مقررہ حد سے زیادہ وصول نہ کریں جبکہ ایسے افراد اور دکانیں جو غیرلائسنس یافتہ ہیں ان کی نگرانی مشکل ہو جاتی ہے اس لیے وزارت حج کا کہنا ہے کہ عازمین رقم تبدیل کرانے کے لیے مقررہ اداروں سے ہی رابطہ کریں۔