34 ملین ریال کی جعلسازی، سعودی شہری کو قید اور تین لاکھ ریال جرمانے کی سزا
ملزم کوعدالت میں الزامات اور ثبوت کے ساتھ پیش کیا گیا (فوٹو سبق)
سعودی عدالت نے ایک شہری کو 34 ملین ریال کی جعلسازی کےالزام میں تین سال قید اور 3 لاکھ ریال جرمانے کی سزا سنائی ہے۔
اخبار 24 کے مطابق پبلک پراسیکیوشن کا کہنا ہے ملزم نے ایک چیرٹی ایسویسی ایشن کی چیک بک غیر قانونی طور پر حاصل کی اور اس کے تین چیکوں کا غلط استعمال کیا۔ رقم کا اندازہ 34 ملین ریال سے زیادہ ہے۔
ملزم نے یہ چیک مختلف مالیاتی اداروں کی ادائیگی کے لیے جمع کرائے اور دعوی کیا کہ چیرٹی ایسویسی ایشن سے منسک منصوبوں کی دیکھ بھال کے کنٹریکٹ لیے ہیں۔ ملزم نے ایک جعلی دستاویز تیار کی جس پر سی ای او کے جعلی دستخط اور مہر تھی۔
ملزم کو گرفتاری کے بعدعدالت میں الزامات اور ثبوت کے ساتھ پیش کیا گیا جس پر عدالت نے تین سال قید اور تین لاکھ ریال جرمانے کی سزا سنائی۔
پبلک پراسیکیوشن نے دستاویزات اور مہروں کے قانونی تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ جعلسازی کے ذریعے کوئی بھی خلاف ورزی جرم ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں