عازمین حج کےلیے 27 ہزار بسیں اور پانچ ہزار ٹیکسیاں
پبلک ٹرانسپورٹیشن سروسز کے دفاتر ایئرپورٹس اور شہروں میں ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی جنرل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے ترجمان صالح الزوید نے کہا ہے کہ ’اتھارٹی نے پری حج سیزن کےلیے زمینی، بحری اور ٹرین کے ذریعے مختلف علاقوں سے آنے والے عازمین کےلیے 27 ہزار بسیں اور پانچ ہزار ٹیکسیاں مختص کی ہیں‘۔
الاخباریہ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ’ پبلک ٹرانسپورٹیشن سروسز اور رینٹ اے کار کے دفاتر ایئرپورٹس اور شہروں میں پھیلے ہوئے ہیں‘۔
ان کا کہنا تھا’ پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی کا ہدف فراہم کی جانے والی خدمات کےمعیار کو بہتر بنانا ہے‘۔
اس سے قبل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے کہا تھا کہ اندرون مملکت عازمین حج کو بس ٹرانسپورٹ سروس کی فراہمی کےلیے تین کمپنیوں کو لائسنس جاری کیے ہیں جو مختلف شہروں سے عازمین کو مکہ مکرمہ لانے اور لے جانے کے لیے خدمات فراہم کریں گی۔
جن کمپنیوں کو عازمین کی نقل وحمل کی ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں ان میں ’نارتھ ویسٹ کمپنی، درب الوطن کمپنی اور سات کمپنی شامل ہے۔
ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے مملکت کے مختلف شہروں میں ٹرانسپورٹ سروس کے 260 پوائنٹس مخصوص کیے ہیں جہاں سے یومیہ بنیاد پر 200 بسیں مکہ مکرمہ کے لیے روانہ ہوں گی۔