سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور کویتی وزیر خارجہ عبداللہ علی الیحیی نے کویت میں سعودی کویتی رابطہ کونسل کے دوسرے اجلاس کی صدارت کی ہے۔
سرکاری خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے کے مطابق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ ’کونسل کا قیام شاہ سلمان بن عبدالعزیز اورامیر کویت کی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں دلچسپی کی عکاس ہے تاکہ دونوں برادر ملک اور ان کے عوام کی بہتری کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں‘۔
انہوں نے رابطہ کونسل کی اہمیت و افادیت پربھی روشنی ڈالی بعدازاں شہزادہ فیصل بن فرحان اور کویتی وزیرخارجہ عبداللہ علی الیحیی نے کونسل کے دوسرے اجلاس کے حوالے سے لیے گئے منٹس پردستخط کیے۔
اس موقع پر پرنس سعود الفیصل انسٹی ٹیوٹ فارڈپلومیٹک اسٹڈیز اور شیخ سعود الناصر الصباح ڈپلومیٹک انسٹی ٹیوٹ کے درمیان مشترکہ تعاون کے پروگرام پر بھی دستخط کیے گئے۔
علاوہ ازیں سعودی کویتی رابطہ کونسل کےاجلاس کے اعلامیے میں مختلف شعبوں میں دوطرفہ مثالی اورگہرے تعلقات میں مزید اضافے اور تعاون کی یقین دہانی کی گئی۔
اس حوالے سے مثبت نتائج پراطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سیاسی شعبوں میں تعاون کی اہمیت اوردوطرفہ علاقائی و بین الاقومی سطحوں پرمشترکہ رابطوں کی افادیت پر زوردیا گیا تاکہ دونوں ممالک اور ان کے عوام وخطے کی سلامتی اوراستحکام کو مزید پائیدار کیا جاسکے۔
اعلامیہ میں دہشتگردی و انتہا پسندی اور ان کی مالی معاونت سے نمٹنے کے لیے باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے اورمختلف شعبوں میں تجربات کے تبادلے کی اہمیت پربھی زوردیا گیا۔
سعودی عرب اور کویت کی ثقافت، ذرائع ابلاغ ، سیاحت و سماجی ترقی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل تیار کرنے کے حوالے سے بھی اتفاق کیا گیا۔
اجلاس میں دونوں صدور نے ذیلی کمیٹیوں کے اجلاسوں میں طے پانے والے امور پراپنے اطمینان کا اظہار کیا اور 50 اقدامات کی منظوری دی گئی جس کا مقصد دونوں ملکوں کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون میں اضافہ کرنا ہے۔
واضح رہے کونسل کی 5 ذیلی کمیٹیاں ہیں جن میں سیاسی و سفارتی رابطہ کمیٹی، عسکری اورسیکیورٹی رابطہ کمیٹی، ثقافت، میڈیا اور سیاحتی و سماجی ترقی کے شعبوں کی رابطہ کمیٹی ، توانائی و معیشت و تجارت کی کمیٹی، سرمایہ کاری کمیٹی اور ماحولیات و انفراسٹرکچرکمیٹی شامل ہیں۔