پاکستان کے وزیر مذہبی امور کی سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن الربیعہ سے ملاقات
اتوار 12 جنوری 2025 17:28
4 روزہ کانفرنس میں 90 ممالک سے وزرا اور ممتاز شخصیات اورسفارتکار خصوصی شرکت کریں گے۔ (فوٹو: وزارت مذہبی امور)
وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوذان الربیعہ سے ملاقات کی ہے۔
وزارت مذہبی امور کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ملاقات میں حج 2025 کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔
وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے خادم الحرمین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، سعودی ولی عہد و وزیراعظم محمد بن سلمان بن عبدالعزیز اور وزیر حج وعمرہ کی حاجیوں کو بہترین سہولیات دینے کی کاوشوں کو سراہا۔
چوہدری سالک حسین نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تاریخی اور برادرانہ تعلقات ہیں، پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مشترکہ عقیدے، تاریخ اور ثقافت پر استوار ہیں، دونوں ممالک کے مابین اقتصادی اور سرمایہ کاری تعاون بڑھانے کی مزید گنجائش موجود ہے۔
سالک حسین نے کہا کہ رواں سال پاکستانی حجاج کو گذشتہ سالوں سے بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں، اس ضمن میں دفتر امور حجاج جدہ کو حجاج کے لئے بہترین سہولیات کی فراہمی کی ہدایات دے دی گئی ہیں۔
سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوذان الربیعہ نے کہا کہ ہر سال پاکستان سے حجاج کی بڑی تعداد سعودی عرب آتی ہے، ان کی خدمت کرنا باعث شرف ہے۔
’پاکستان حجاج کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہیں، پاکستان سے محبت لازوال ہے، باہمی تعلقات کو بہتر سے بہتر کرنا چاہتے ہیں۔
قبل ازیں چوہدری سالک حسین تین روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے تھے۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین دورے کے دوران حج معاہدے 2025 پر دستخط کریں گے۔
چوہدری سالک حسین عالمی حج و عمرہ کانفرنس اور ایکسپو میں بھی شرکت کریں گے۔ سعودی وزارت حج وعمرہ کے تحت عالمی حج و عمرہ کانفرنس و ایکسپو کا چوتھا ایڈیشن 13 سے 16 جنوری کو جدہ میں ہوگا۔
کانفرنس کا مقصد حجاج کی خدمات بڑھانے اورمتعلقہ صنعتوں میں شفافیت اورمسابقت کو فروغ دینا ہے۔ 4 روزہ کانفرنس میں 90 ممالک سے وزرا اور ممتاز شخصیات اورسفارتکار خصوصی شرکت کریں گے۔
سیکریٹری وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی ذولفقار حیدر بھی وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کے ہمراہ ہیں۔