حرمین میں’انسانیون‘ انیشیٹو، ڈیجیٹل قرآن پاک کے بریل نسخے
حرمین میں قرآن پاک کے مزید نسخے الماریوں میں رکھے گئے ہیں۔ (فوٹو سبق)
مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں دینی امور کی پریذیڈنسی کی جانب سے اس سال بصارت سے محروم عازمین کے لیے بریل میں قرآن کریم کے ڈیجیٹل نسخوں کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
سبق ویب کے مطابق ’انسانیون‘ انشیٹو کے تحت قرآن کریم کے ڈیجیٹل بریل نسخوں کا پروگرام شروع کیا گیا ہے۔
جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے قرآن کریم کے بریل ڈیجیٹل نسخوں کو انتہائی حساس پروگرام کے ذریعے تیارکیا گیا ہے۔ بریل نسخے سے تلاوت کرنے والے قاری کی انگلیوں کی حرکت سے حروف اور لائنیں تبدیل ہوتی جائیں گی۔
بصارت سے محروم افراد کے لیے قرآن پاک کے ڈیجیٹل بریل نسخے مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں مخصوص مقامات پر رکھے گئے ہیں۔
’انسانیون‘ انشیٹو کے تحت بصارت سے محروم عازمین کو الیکٹرانک بریل نسخوں کی مدد سے قرآن اور تفسیر پڑھنے میں آسانی ہوگی۔ روایتی کاغذی بریل قرآن پاک کو سنبھالنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا تھا جو 6 جلدوں پرمشتمل ہے۔
حرمین شریفین میں ڈیجیٹل بریل کے نسخوں کو مخصوص ریکس میں رکھا گیا ہے جبکہ سادہ قرآن پاک دیگر ریک اور الماریوں میں رکھے گئے ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے قرآن پاک ترجمے مختلف زبانوں میں بھی فراہم کیے گئے ہیں جن میں انگریزی، اردو اور انڈونیشی قابل ذکرہیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں