Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ورلڈ کپ کوالیفائر: سعودی فٹ بال ٹیم اسلام آباد میں پہنچ گئی، سعودی سفیر نے استقبال کیا

فیفا کوالیفائرراؤنڈ 2 میں پاکستان سے مقابلے کے لیے بدھ کوسعودی ٹیم اسلام آباد پہنچ گئی ہے۔
سعودی ٹیم چارٹر فلائٹ کے ذریعے ریاض سے اسلام آباد پہنچ گئی۔
اسلام آباد پہنچنے پر سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی اور دیگر حکام نے سعوی ٹیم کا استقبال کیا۔
جناح سٹیڈیم میں پریس کے ساتھ بات کرتے ہوئے سعودی کوچ رابرٹو مینسینی نے کہا کہ اسلام آباد پہلی مرتبہ آکر خوشی ہوئی ہے۔ تمام میچ مشکل ہوتے ہیں پاکستان کے خلاف میچ کو آسان نہیں لے رہے۔
سعودی کھلاڑی مختار علی کا کہنا تھا کہ ’پاکستان آکر خوشی ہوئی۔ جس طرح خوش آمدید کہا گیا اس کی خوشی ہوئی ہے۔ امید ہے اچھا کھیل پیش کریں گے‘
پاکستانی کوچ سٹیفن کانسٹنٹائن  نے کہا ہے کہ پاکستان کا سب سے بڑا میچ ہے۔ سعودی عرب کو پاکستان میں اپنے کھیل کا مزہ چکھائیں گے۔
پہلے میچ میں بھی موقع ملے تھے اب پھر ملیں گے جن سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’ایشیا کپ میں کوالیفائی کرنا ہمارے لیے اچیومنٹ ہوگا، موسم جیسا بھی ہو ہم جیتنا چاہتے ہیں۔‘
پاکستانی کھلاڑی عبداللہ اقبال نے کہا ہے کہ ’پوری تیاری کی ہے ٹف ٹائم دیں گے۔ سعودی عرب ریجن کی سب سے اچھی ٹیم ہے۔ میچ  کے شروع سے آخر تک اچھا کھیلیں گے یہی ارادہ ہے۔‘
سعودی ٹیم کی آمد کے موقع پر سیکریٹری آئی پی سی ظہور احمد، ڈی جی پاکستان سپورٹس بورڈ  شاہد اسلام، چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود  اور پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے حکام بھی موجود تھے۔
سعودی ٹیم آج ہی شام 7 بجے جناح سٹیڈیم میں میڈیا کے سامنے ٹریننگ کرے گی۔
خیال رہے سعودی عرب کی فٹ بال ٹیم پہلی بار پاکستان کا دورہ کر رہی ہے۔
سعودی ٹیم کو سخت سکیورٹی میں ایئرپورٹ سے ہوٹل پہنچایا گیا۔
پاکستان اور سعودی عرب کا ہوم مقابلہ 6 جون کو جناح سٹیڈیم اسلام آباد شیڈول ہے۔
خیال رہے کہ سعودی عرب گروپ جی میں 10 پوائنٹ کے ساتھ اول پوزیشن پر ہے جبکہ اردن 7 پوائنٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔
تاجکستان کے 5 پوائنٹ ہیں جبکہ پاکستانی ٹیم نے کوئی پوائنٹ حاصل نہیں کیا۔

شیئر: