مدینہ منورہ کی مارکیٹ میں ایک ہفتے کے دوران 7.7 ملین ریال مالیت کی کھجوریں فروخت
وزارت کا کہنا ہے 528,604 کلوگرام کھجوریں فروخت ہوئی ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارت ماحولیات اور زراعت کا کہنا ہے مدینہ منورہ کی مرکزی کھجور مارکیٹ میں کھجوروں کی فروخت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران 7.7 ملین ریال مالیت کی 528,604 کلوگرام کھجوریں فروخت ہوئی ہیں۔
یہ اضافہ عازمین حج کی آمد اور مقامی فارمز میں تازہ کھجور کی پیداوار مارکیٹ میں آنے سے دیکھنے میں آیا ہے۔
علاوہ ازیں وزارت کی فیلڈ ٹیموں نے ایک ہفتے کے دوران کھجوروں کی سٹوریج ، معیار اور سیفٹی کے حوالے سے 23 خلاف ورزیاں بھی ریکارڈ کی ہیں۔
وزارت نے کھجور مارکیٹ میں معیار کی تصدیق کےلیے اپنے فیلڈ معائنے اور نگرانی کی سرگرمیوں کو تیز کردیا ہے۔
وزارت نے کھجور مارکیٹ میں پیکیجنگ کمپنیوں کے لیے اپنی مصنوعات کی نمائش کے لیے جگہیں مختص کی ہیں۔
واضح رہے کہ مدینہ منورہ ریجن میں کھجوروں کے 26 ہزار باغ ہیں ان میں تقریبا پچاس لاکھ درخت ہیں۔