خطبہ حج کا ترجمہ اردو سمیت 20 زبانوں میں ایک ارب افراد تک پہنچے گا
خطبہ حج کا ترجمہ اردو سمیت 20 زبانوں میں ایک ارب افراد تک پہنچے گا
اتوار 9 جون 2024 23:16
بیک وقت ڈیجیٹل چینلز، پلیٹ فارمز اور سوشل میڈیا کے ذریعے نشر ہوگا۔ (فوٹو سبق)
مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے امور کے لیے جنرل پریذیڈنسی عرفات کے خطبے کے لیے اب تک کا سب سے بڑا ترجمہ پروجیکٹ شروع کرنے کی تیاری کررہی ہے۔
اس کا مقصد اردو سمیت بیس زبانوں میں دنیا بھر میں ایک ارب سامعین تک پہنچنا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق یہ اہم منصوبہ مملکت کے مذہبی روادری، اعتدال اور امن کے پیغام کو اجاگر کرنے،اسلام کی حقیقی تصویر اور اس کی اعلی اقدار کو ظاہر کرنے کی کوشش کرتا ہے۔
حرمین شریفین میں دینی امور کے سربراہ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے تصدیق کی کہ ’خطبہ حج کے ترجمے کی تیاریاں مکمل ہیں۔ یہ 20 بین الاقوامی زبانوں میں بیک وقت ڈیجیٹل چینلز، پلیٹ فارمز اور سوشل میڈیا کے ذریعے نشر ہوگا‘۔
’خطبہ حج کا ترجمہ حج سیزن میں دینی امور کے آپریشنل پلان کا ایک بڑا حصہ ہے۔ اس کا مقصد تمام زبانوں کے مسلمانوں اور دنیا بھر تک اسلام کا حقیقی پیغام پہنچانا ہے‘۔
عبدالرحمن السدیس کا کہنا تھا ’ یہ منصوبہ اسلام کے پیغام کو پھیلانے اور عازمین کی خدمت میں مملکت کی کوششوں کو اجاگر کرنے میں دانشمندانہ قیادت کی گہری دلچسپی کو ظاہر کرتا ہے‘۔
یاد رہے گزشتہ برس بھی فرانسیسی، انگریزی، فارسی، اردو، ہاؤسا، روسی، ترکی، پنجابی، چینی، مالائی، سواحلی، ہسپانوی، پرتگالی، امہاری، جرمن، سویڈش، اطالوی، ملیالم، بوسنیائی، فلپائنی اورفلپائنی میں خطبہ حج کا ترجمہ کیا گیا تھا۔
2017 میں پہلی مرتبہ پانچ بین الاقوامی زبانوں میں خطبہ حج کا ترجمہ نشر کیا گیا۔ بعد ازاں زبانوں کی تعداد بڑھا کر دس کردی گئی۔ 2022 میں زبانوں کی تعداد 14 تک پہنچ گئی اور اب بیس زبانوں میں ترجمہ کیا جا رہا ہے۔
خطبہ حج سمارٹ موبائل فون، حرمین شریفین کی ویب سائٹ اور منارۃ الحرمین پلیٹ فارم کے ذریعے بھی پیش ہوگا۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں