نائیجرین خاتون کے ہاں حج سیزن کے دوران پہلے بچے کی ولادت
مکہ مکرمہ کے ہسپتال میں ماں اور بچے کی صحت اچھی ہے۔( فوٹو: اخبار 24)
نائیجریا کی 30 سالہ خاتون عازم حج نے ایک صحت مند بچے کو جنم دیا ہے جو اس سال حج سیزن میں ہونے والی پہلی ولادت ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق مکہ کے میٹرنٹی اینڈ چلڈرن ہسپتال میں ہونے والے نومولود بچے کا نام محمد رکھا گیا ہے۔
نائیجرین خاتون کو درد زہ کے بعد مکہ کے ہسپتال کی ایمرجنسی میں لایا گیا۔ طبی معائنے کے بعد فوری طور پر میٹرنٹی وارڈ میں منتقل کیا گیا جہاں نارمل ڈلیوری ہوئی۔
ماں اور بچے کی صحت اچھی ہے۔ قبل از وقت پیدائش کے باعث نومولود کی خصوصی دیکھ بھا ل کی جا رہی ہے۔
یاد رہے مکہ میٹرنٹی اینڈ چائلڈ ہسپتال حج سیزن کے دوران صحت خدمات کی فراہمی کےلیے پوری صلاحیت کے ساتھ کام کرتا ہے۔
ان میں ایمرجنسی ہیلتھ کیئر، ولادت میں مدد، خواتین اور بچوں کےلیے مکمل طبی خدمات شامل ہیں۔
نائیجرین خاتون نے ڈلیوری کے دوران دیکھ بھال اور توجہ دینے پر طبی عملے کا شکریہ ادا کیا ہے۔