’حجاج کا آرام ہمارا ہدف‘، منیٰ میں حاجیوں کی رہنمائی کے لیے موجود انڈین رضاکار
’حجاج کا آرام ہمارا ہدف‘، منیٰ میں حاجیوں کی رہنمائی کے لیے موجود انڈین رضاکار
منگل 18 جون 2024 9:49
ارسلان ہاشمی ۔ اردو نیوز، منیٰ
حج 2024 میں جہاں سعودی سکیورٹی ادارے اور سکاؤٹس حجاج کی خدمت میں مصروف رہے وہاں غیرملکی کمیونٹی کے رضاکار بھی ’ضیوف الرحمان‘ کی خدمت کے لیے مشاعر مقدسہ میں موجود ہیں۔
انڈین کلچرل سینٹر اور رسالہ سٹڈی سرکل (آر ایس سی) کے سیکڑوں کارکن صرف رب تعالی کی رضا کے حصول اور اس کے مہمانوں کی خدمت کے لیے خود کو بے آرام کرنے پر فوقیت دی۔
تنظیم کے مشترکہ کوآرڈینیٹر صادق چالیہ نے اردونیوز کو بتایا کہ ’رواں برس ہمارے 400 کے قریب رضاکار حجاج کی خدمت کے لیے مشاعر مقدسہ آئے ہیں۔ تین ہزار سے زائد نے خود کو رجسٹر کرایا تھا مگر مقامی قوانین کے مطابق ہم اتنی بڑی تعداد کے لیے قانونی امور کا بندوبست نہ کر سکے۔‘
صادق چالیہ کا مزید کہنا تھا کہ ’حج سیزن کے آغاز سے ہمارے دیگر رضاکار جن کی تعداد 3 ہزار سے زائد ہے وہ مدینہ منورہ اور جدہ حج ٹرمینل پر خدمت میں مصروف ہیں۔‘
رضاکارانہ خدمات کے حوالے سے صادق کا کہنا تھا کہ ’حجاج کا آرام ہمارا ہدف کے سلوگن کے تحت ہم حج سیزن میں عازمین حج کی خدمت کر رہے ہیں۔‘
جہاں تک فراہم کی جانے والی خدمات کا تعلق ہے تو رضاکار منیٰ میں ان حجاج کی رہنمائی کرتے ہیں جو جمرات سے واپس آتے وقت اپنے خیمے کا راستہ کھو دیتے ہیں۔ ایک جیسے خیموں کی وجہ سے بیشتر حجاج کو راستہ تلاش کرنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
ہمارے رضاکاروں کے پاس منیٰ کی خیمہ بستی کا مکمل اور تفصیلی نقشہ ہے علاوہ ازیں سمارٹ ایپلی کیشن کے ذریعے بھی وہ مطلوبہ خیمے کی لوکیشن معلوم کر کے حجاج کی رہنمائی کرتے ہیں۔
حجاج کی رہنمائی کے علاوہ ایسے معمر اور بیمار حجاج بھی ہوتے ہیں جن کے خیمے جمرات سے کافی فاصلے پر ہوتے ہیں ان کو ہمارے ویل چیئر پر بیٹھا کر خیموں تک پہنچا دیتے ہیں۔
ایسے حجاج جن کے پاس اپنی رہائش کا کوئی ثبوت نہیں ہوتا انہیں مخصوص گمشدہ سینٹر لے جاتے ہیں تاکہ وہاں سے ان کی رہائش تلاش کی جا سکے۔
رضاکاروں کے پاس فرسٹ ایڈ کِٹ بھی ہوتی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر مدد فراہم کی جا سکے۔
چالیہ کا کہنا تھا کہ ان کی تنظیم گزشتہ 15 برس سے حجاج کی خدمت میں مصروف ہے۔ ’ہمارا ہر کارکن صرف جذبہ خدمت کے تحت یہ کام کرتا ہے۔‘