پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف نے ان کی ایک فین کے ساتھ تلخ کلامی کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد کہا ہے کہ ’اگر بات میرے والدین یا خاندان پر آئے گی تو میں جواب دینے میں ہچکچاؤں گا نہیں۔‘
منگل کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ ’میں نے اس مسئلے کو سوشل میڈیا پر نہ لانے کا فیصلہ کیا تھا، لیکن اب کیونکہ ویڈیو سامنے آ چکی ہے تو میں سمجھتا ہوں کہ اس پر بات کرنا ضروری ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’عوامی شخصیات ہونے کے ناطے ہم عوام کی ہر طرح کی آرا کے لیے تیار ہیں۔ وہ ہماری حمایت یا تنقید کرنے کا حق رکھتے ہیں۔ تاہم اگر بات میرے والدین یا خاندان پر آئے گی تو میں جواب دینے میں ہچکچاؤں گا نہیں۔‘
مزید پڑھیں
-
ہم ٹی20 کرکٹ پر حکمرانی کرتے تھے لیکن ہم پیچھے رہ گئے: عماد وسیمNode ID: 866721
’لوگوں اور ان کے خاندانوں کا احترام ضروری ہے، خواہ ان کا پیشہ کچھ بھی ہو۔‘
خیال رہے کہ حارث رؤف اور ایک فین کے درمیان سخت الفاظ کے تبادلے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ سمیت موجودہ اور سابق کرکٹرز بھی حارث رؤف کی حمایت میں سوشل میڈیا پر سامنے آ گئے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے اس حوالے سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک پیغام میں کہا کہ ’حارث رؤف کے ساتھ پیش والے افسوس ناک واقعے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ ہمارے کھلاڑیوں کے خلاف اس طرح کے اقدامات مکمل طور پر ناقابل قبول ہیں اور اسے برداشت نہیں کیا جائے گا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اس واقعے میں ملوث افراد حارث رؤف سے فوری طور پر معافی معانگیں ورنہ ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔‘
فاسٹ بولر حسن علی کا کہنا تھا کہ ’میں نے حارث رؤف کے حوالے سے آن لائن گردش کرتی ویڈیو دیکھی ہے، اور میں اپنے تمام عزیز کرکٹ فینز سے درخواست کروں گا کہ وہ یاد رکھیں کہ تنقید کو بغیر کسی تکلیف کے مثبت ہونا چاہیے۔‘
سابق کرکٹر محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ ’فینز کو یہ جاننا چاہیے کہ ایک کرکٹر کی ذاتی اور پروفیشنل حدود کا احترام کیسے کرنا ہے۔ یہ بنیادی اخلاقیات ہیں اور عاجزانہ درخواست ہے۔‘
سوشل میڈیا پر وائرل اس ویڈیو کے بارے میں یہ واضح نہیں کہ آیا یہ ویڈیو نئی ہے یا پرانی۔
اس ویڈیو میں حارث رؤف کو اپنی اہلیہ کے ساتھ سڑک پر چہل قدمی کرتے دیکھا جا سکتا ہے، اسی دوران ان کا ایک فین کے ساتھ سخت الفاظ کا تبادلہ ہوتا ہے اور حارث رؤف غصے کا اظہار کرتے ہیں۔
امریکہ میں موجود حارث رؤف فین کو مارنے کے لیے آگے بڑھتے ہیں تو ان کی اہلیہ اور کچھ لوگ ان کو روکنے کی کوشش کرتے ہیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل 54 سیکنڈ کی اس ویڈیو میں کرکٹر اور فین کے درمیان ہونے والی بات چیت واضح نہیں تاہم ویڈیو میں حارث رؤف یہ کہتے ہیں کہ ’آپ کے والد نے یہ تربیت کی ہے۔‘
اسی دوران فین ان سے کہتا ہے کہ صرف ایک تصویر کی درخواست کی تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حارث رؤف کو یہ کہتے سنا جا سکتا ہے کہ ’انڈین ہے یہ‘، جس کے جواب میں فین کہنا ہے کہ نہیں ’پاکستان سے ہوں‘۔
سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر صارفین اس ویڈیو کو شیئر کر رہے ہیں۔
سپورٹس جرنلسٹ فرید خان نے لکھا کہ مداحوں کو بھی تمیز کا مظاہرہ کرنا چاہیے، کھلاڑی فیملیز کے ساتھ ہوتے ہیں اور ان کی بھی ذاتی زندگی ہوتی ہے۔
انہوں نے لکھا کہ حارث رؤف بھی غصے میں تھے جو اچھی بات نہیں۔
صارفین حارث رؤف کے کچھ الفاظ کی مذمت بھی کر رہے ہیں۔
صارف البرٹ لکھتے ہیں کہ حارث رؤف کی انڈینز کے لیے نفرت نظر آ ہی ہے۔