چوہدری سالک کی مدینہ منورہ آمد، پوسٹ حج انتظامات کا جائزہ
حجاج كی مدینہ آمد كے انتظامات پر بریفنگ دی گئی ( فوٹو: وزارت مذہبی امور)
وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین پوسٹ حج انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے جمعے کو پاکستان ہاؤس مدینہ منورہ پہنچے ہیں۔
ڈائریکٹر مدینہ منورہ ضیا الرحمن نے حج كے بعد حجاج كی مدینہ آمد كے انتظامات پر بریفنگ دی۔
وزارت سے جاری بیان کے مطابق چوہدری سالک حسین نے پاکستان ہاؤس میں قائم مختلف شعبوں کا دورہ بھی کیا اور جاری حج آپریشن کا جائزہ لیا۔
وزیر مذہبی امور نے ہدایت کی کہ ’مدینہ منورہ آنے والے حجاج کےلیے سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے‘۔
چوہدری سالک حسین نے شدید گرم موسم کے باوجود حجاج کی حفاظت اور بہترین سہولتوں کی فراہمی پر سعودی قیادت اور وزیر حج کی کاوشوں کو سراہا۔
وزیر مذہبی امور کا کہنا تھا ’سعودی حكومت كا پرمٹ كے بغیر’ حج نہیں، اقدام قابل تعریف ہے۔ اس سے ایا م حج کے دوران مكاتب پر بوجھ بہت كم رہا‘۔
وزیر مذہبی امور نے پاکستان ہاوس کے کارکنان سے بھی ملاقات کی اور کہا کہ’ پاکستان حج مشن محنت، لگن اور دینی جذبے کے تحت عازمین کی خدمت میں مصروف ہے‘۔
انہوں نے حج مشن کے مین کنٹرول آفس میں قائم شکایات سیل، شعبہ گمشدگی و بازیابی، مدینہ آمد و روانگی کے مراکز کا بھی دورہ کیا اور کام کا جائزہ لیا۔
پاكستان حج میڈیكل مشن میں زیرعلاج مریضوں سے ملاقات كی اور ان کی خیریت دریافت کی۔