امارات میں گولڈ جیولری کے خریداروں کے لیے نئی ڈسکاؤنٹ آفرز کیا ہیں؟
اس کا مقصد سونے کے زیورات کی فروخت کو بڑھانا ہے۔ (فوٹو الامارات الیوم)
متحدہ عرب امارات میں موسم گرما کی تعطیلات کے دوران جیولری اور گولڈ مارکیٹ ڈیلرز زیورات کو مینوفیکچرنگ قیمت کے بغیر فروخت کررہے ہیں۔ خاص طور پر 21 اور 22 قیراط کے پرانے ماڈلز کے سونے کے زیورات شامل ہیں۔
الامارات الیوم کے مطابق امارات میں جیولری اینڈ گولڈ ریٹیل آؤٹ لیٹس کے ذمہ دران کا کہنا ہے ڈسکاؤنٹ آفرز یا مینوفیکچرنگ کے بغیر سونے کی سیلز سے سونے کے نرخوں میں محدود اضافے کے باوجود طلب میں اضافہ ہوا ہے۔
ایک صارف یاسر عبدہ نے کہا جیولری اینڈ گولڈ ریٹیل آؤٹ لیٹس پرمینوفیکچرنگ لاگت پر رعایت یا اس کے بغیر سونے کے زیورات فروخت اچھی پیشکش ہے۔
محمود علی نامی ایک صارف کا کہنا تھا ان دنوں گولڈ مارکیٹ میں مینوفیکچرنگ کے بغیر زیورات فروخت ہورہے ہیں یہ پیشکش خریداروں کو اپنی جانب راغب کرتی ہے۔
خالد عبدالحق نے کہا ان دنوں کئی سٹورز اس طرح کی پیشکشیں کررہے ہیں بلکہ دیگر سٹورز 21 اور 22 کے علاوہ دیگر قیراط کے سونے کے زیورات پر بھی پیشکشیں کررہے ہیں۔
ایک جیولری شوروم کے ڈائریکٹر نے بتایا زیورات کی خریداری میں مینوفیکچرنگ میں رعایت دینا ایک طرح کا ڈسکاؤنٹ ہے جس کا مقصد فروخت کو بڑھانا ہے۔
ایک گولڈ شوروم کے ڈائریکٹر نے کہا حالیہ دنوں میں سونے کی قیمتوں میں اضافے کے بعد خریداری میں کمی اور پھر موسم گرما کی تعطیلات میں لوگوں کو سونے کی خریداری کے لیے راغب کرنا ضروری تھا اس لیے یہ پیشکش دی جارہی ہے۔
ایک جیولری شاپ کے مینجر نے کہا کچھ تاجروں نے یہ پیشکش کم منافع اور کاروبار میں تیزی لانے نیز سرمائے کی گردش کو بڑھانے کے لیے کی ہے۔
یاد رہے گزشتہ ہفتے کے آخر میں دبئی اور شارجہ میں سونے کی قیمتوں میں ڈیڑھ درھم سے 75 فلس تک کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
24 قیراط ایک گرام سونے کی قیمت ڈیڑھ درہم اضافے کے بعد 281.75 درھم، 22 قیراط میں ایک درھم اضافے کے بعد 260.75 درھم ، 21 قیراط کی قیمت میں 75 فلس کا اضافہ ہوا ۔ اس کی قیمت 251.75 درھم ہوگئی جبکہ 18 قیراط کی قیمت 75 فلس کے اضافے کے بعد 216 درھم تک آگئی۔
امارات کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز یو اے ای“ گروپ جوائن کریں