Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بنگلہ دیش کا رواں برس 1300 ٹیکسی اور موٹرسائیکل ڈرائیور دبئی بھجوانے کا فیصلہ

امارات آنے والے برسوں میں مزید سینکڑوں ڈرائیوروں کی خدمات حاصل کرنے کا ارادہ رکھتا ہے (فائل فوٹو: شٹرسٹاک)
بنگلہ دیش 2024 کے آخر تک 1300 ٹیکسی اور موٹرسائیکل ڈرائیوروں کو دبئی بھیجنے کی تیاری کر رہا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق بنگلہ دیشی حکومت کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات آنے والے برسوں میں مزید سینکڑوں ڈرائیوروں کی خدمات حاصل کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
متحدہ عرب امارات میں 12 لاکھ سے زیادہ بنگلہ دیشی شہری رہتے اور وہاں کام کرتے ہیں، اور یہ سعودی عرب کے بعد کسی دوسرے ملک میں بنگلہ دیشی ورکرز کی سب سے بڑی تعداد ہے۔
ان میں سے زیادہ تر تعمیرات، مینوفیکچرنگ اور خدمات کے شعبوں بشمول ٹرانسپورٹیشن میں ملازمت کرتے ہیں۔
بنگلہ دیش کے تارکین وطن کی بہبود اور اوورسیز ایمپلائمنٹ کے وزیر مملکت شفیق الرحمان چودھری اور ڈھاکہ میں اماراتی سفیر عبداللہ علی الحمودی کی ملاقات میں اس موضوع پر مزید تبادلہ خیال کیا گیا۔
شفیق الرحمان چودھری کا کہنا تھا کہ ’ان میں سے ایک ملاقات ’دبئی ٹیکسی‘ کے ساتھ ہوئی تھی۔ اس میٹنگ کے نتیجے میں ’دبئی ٹیکسی کارپوریشن‘ نے ہنرمند ورکرز کی بھرتی شروع کردی ہے۔‘
’متحدہ عرب امارات رواں سال بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے 1300 ٹیکسی اور موٹرسائیکل ڈرائیوروں کی خدمات حاصل کرے گا۔‘
انہوں نے اس حوالے سے مزید بتایا کہ ‘ان میں سے 1000 موٹرسائیکل ڈرائیور جبکہ 300 ٹیکسی ڈرائیور ہیں اور آنے والے برسوں میں ان کی تعداد میں مزید اضافہ ہوگا۔‘
بنگلہ دیشی وزیر مملکت کے مطابق ’متحدہ عرب امارات آئندہ سال سے کم از کم دو ہزار ٹیکسی اور موٹرسائیکل ڈرائیوروں کی خدمات حاصل کرے گا۔‘
واضح رہے کہ سنہ 2013 سے متحدہ عرب امارات بنگلہ دیش سے صرف ہنرمند کارکنوں کو ہی بھرتی کر رہا ہے۔

شیئر: