Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خلا میں پھنسے خلابازوں کی واپسی ’تشویشناک‘ معاملہ ؟

خلاباز بوچ ولمور اور سنی ولیمز کو آئی ایس ایس پر ایک ہفتہ گزار کر 13 جون کو زمین پر واپس آنا تھا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا کی سپیس ریسرچ آرگنائزیشن (آئی ایس آر او) کے سربراہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ بین الاقوامی سپیس سٹیشن (آئی ایس ایس) سے انڈین نژاد خلاباز سنیتا ولیمز کی تاخیر سے واپسی تشویشناک معاملہ نہیں۔
این ڈی ٹی وی کے ساتھ ایک انٹرویو میں آئی ایس آر او کے سربراہ ڈاکٹر ایس سمانتھ نے کہا ایک طویل عرصے سے بین الاقوامی خلائی سٹیش خلابازو کے قیام کے لیے ایک محفوظ مقام ہے۔
انہوں نے کہا کہ خلائی سٹیشن میں صرف سنیتا ولیمز نہیں بلکہ وہاں 9 خلا باز موجود ہیں جو معمول کی صورتحال میں وہاں کام کر رہے ہیں۔
23 جون کو ہوائی جہاز بنانے والی مشہور امریکی کمپنی ’بوئنگ‘ کے خلائی جہاز سٹارلائنر پر سوار دو خلاباز خلا میں پھنس گئے تھے۔
آئی ایس آر او کے سربراہ ڈاکٹر ایس سمانتھ  کے مطابق ’ان سب کو ایک دن واپس آنا ہے۔ سارا معاملہ بوئنگ سٹارلائنر نامی ایک نئے ماڈیول کی ٹیسٹنگ کا ہے۔ اس کی وہاں تک جانے اور پھر بحفظات واپس آنے کی صلاحیت کا۔ ان کو گھر واپس لانے کے لیے زمین سے لانچ کرنے والے عملے ساتھ کافی صلاحیتیں ہیں۔ یہ کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ آئی ایس ایس طویل عرصے سے قیام کے لیے ایک محفوظ مقام ہے۔‘
ڈاکٹر ایس سمانتھ نے مزید کہا کہ آئی ایس آر او کو سنیتا ولیمز کی ہمت و حوصلے پر فخر ہے۔
ہم سب کو ان پر فخر ہے۔ ان کے کریڈٹ پر بہت سے مشن ہیں۔ ایک نئی خلائی گاڑی کی پہلی پرواز پر سفر کرنا ہمت کی بات ہے۔ وہ خود ڈیزائن ٹیم کا حصہ ہیں اور اپنے تجربے سے حاصل کردہ معلومات کا استعمال کرتی ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہم بھی عملے کے لیے ایک ماڈیول بھی بنا رہے ہیں۔ ہمارے پاس بھی تجربہ ہے لیکن ان کے پاس ہم سے بہت زیادہ تجربہ ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ سنیتا ولیمز اس تجربے سے مزید سیکھیں گی اور خلائی جہاز کے بنانے میں اپنا حصہ ڈالیں گی۔

خلاباز بوچ ولمور اور سنی ولیمز یکم جون کو مشن پر روانہ ہوئے تھے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

اس بارے میں کہ آیا آئی ایس آر او سنیتا ولیمز کی خدمات انڈیا کے خلائی پروگرام کے مشیر کے طور پر لے گا، ڈاکٹر سمانتھ کا کہنا تھا کہ خلائی ایجنسی ہر اس شخص کا خیرمقدم کرتی ہے جو آئیڈیاز پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’خلائی پروگرام پوری انسانیت کے لیے ہے۔ ایک ملک خلائی جہاز بنا سکتا ہے لیکن یہ انسانیت کے لیے ہے۔ کون جانتا ہے کہ کل ہمارا خلائی جہاز کسی اور ملک کے ریسکیو مشن کے لیے وہاں جائے گا۔‘
گذشتہ ہفتے ناسا نے بوئنگ سٹارلائنر کی زمین پر واپسی کو ملتوی کر دیا تھا تاکہ درپیش تکنیکی مسائل کا جائزہ لینے کے لیے مزید وقت دیا جا سکے۔
خلاباز بوچ ولمور اور سنی ولیمز کو آئی ایس ایس پر ایک ہفتہ گزار کر 13 جون کو زمین پر واپس آنا تھا۔

شیئر: