Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بلوچستان: ضلع دکی کی سب جیل سے تین قیدی روشن دان توڑ کر فرار

پولیس کے مطابق تینوں قیدی چوری اور ڈکیتی کے مقدمات میں پکڑے گئے تھے۔ (فوٹو: دکی پولیس)
بلوچستان کے ضلع دکی میں سب جیل سے تین قیدی فرار ہو گئے ہیں جبکہ غفلت برتنے پر تین پولیس اہلکاروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق تینوں قیدی چوری اور ڈکیتی کے مقدمات میں پکڑے گئے تھے اور گذشتہ تین ماہ سے دکی پولیس تھانہ میں واقع سب جیل میں قید تھے۔
ایس ایچ او دکی جلیل مری نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’سب جیل میں کل 13 قیدی موجود تھے جنہیں پیر کی صبح حوالات سے باہر نکال کر واش روم لے جایا گیا۔ ان میں سے تین قیدی عصمت اللہ، کبیر اور صدیق واش روم کے روشن دان کو توڑ کر وہاں سے فرار ہو گئے۔‘

ایس ایچ او دکی جلیل مری کے مطابق ’تین قیدی واش روم کے روشن دان کو توڑ کر وہاں سے فرار ہو گئے۔‘ (فوٹو: دکی پولیس)

ایس ایچ او کے مطابق مفرور قیدیوں میں دو کا تعلق پشین اور ایک کا تعلق زیارت کے علاقے سنجاوی سے تھا۔ مفرور ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مفرور قیدیوں کے ساتھ ساتھ فرائض میں غفلت برتنے پر وارڈن سمیت تین پولیس اہلکاروں کے خلاف بھی مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

شیئر: