Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بینکوں کے ذریعے پرانے گھریلو ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کب؟

گھریلو ملازمین کی تنخواہوں کا قانون مرحلہ وار نافذ کیا جائے گا(فوٹو، ایکس )
 سعودی چیمبرز میں افرادی وسائل کمپنیز کے مشیر سعید الحارثی کا کہنا ہے کہ گھریلو ملازمین کی تنخواہیں بینکوں کے ذریعے ادا کرنے کا قانون صرف نئے آنے والے کارکنوں پرہوگا۔
عاجل نیوز کے مطابق الحارثی نے سعودی ٹی وی الاخباریہ سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ مملکت میں موجود کارکنوں پر ان ضوابط کا اطلاق فی الحال نہیں کیا جارہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ دوسرا مرحلہ جس کی ڈیڈ لائن یکم جنوری 2026 ہے اس میں تمام گھریلو کارکنوں کی تنخواہوں کی ادائیگی بینکوں کے ذریعے کی جائے گی۔
واضح رہے اس سے قبل وزارت افرادی قوت وسماجی بہبود آبادی نے گھریلو ملازمین کی اجرت کے تحفظ کے لیے مختلف قوانین مرتب کیے ہیں جنہیں مرحلہ وار نافذ کیا جائے گا۔
پہلا مرحلہ جس کا آغاز یکم جولائی 2024 سے کیا گیا ہے اس کے تحت آجر کو اس بات کا پابند بنایا گیا ہے کہ وہ نئے آنے والے گھریلو ملازمین کی تنخواہیں بینکوں کے ذریعے ادا کریں گے۔

نئے گھریلو ملازمین کو بینک کے ذریعے تنخواہ کی ادائیگی کا مرحلہ شروع (فوٹو، ایکس )

تنخواہوں کی ادائیگی کے حوالے سے دوسرا مرحلہ ان تمام گھریلو کارکنوں پرلاگو ہوگا جو مملکت میں پہلے سے مقیم ہیں جس کی ڈیڈ لائن 2026 مقرر کی گئی ہے۔
علاوہ ازیں گھریلو کارکنوں کے لیے لازمی میڈیکل انشورنس پالیسی بھی متعارف کرائی جارہی ہے جس پر عمل درآمد مرحلہ وار کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں ایسے آجر جن کی زیر کفالت 4 یا اس سے زیادہ گھریلو ملازمین ہیں انہیں اپنے ملازمین کے لیے لازمی میڈیکل پالیسی لینا ہوگی۔

شیئر: