میسان کے جنگل میں لگی آگ پرقابو پانے کی کوششیں جاری
آگ سے کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی(فوٹو، ایکس اکاونٹ)
شہری دفاع کا کہنا ہے کہ طائف کے علاقے میسان کے جنگلات میں لگی آگ پرقابو پانے کی کوشش جاری ہے۔ پہاڑی علاقے میں لگنے والی آگ سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
عاجل نیوز کے مطابق ریجنل شہری دفاع نے اپنے ایکس اکاونٹ پرکہا ہے کہ میسان کے پہاڑی سلسلے کے درختوں اور جھاڑیوں میں لگنے والی آگ کو بجھانے کے لیے متعدد مخصوص یونٹس مسلسل مصروف ہیں۔
واضح رہے طائف کے پہاڑی سلسلے کے میسان علاقے کی جھاڑیوں اور درختوں میں پیریکم جولائی کو اچانک آگ بھڑک اٹھی تھی۔
جنگلی علاقے میں آگ کی اطلاع ملتے ہی شہری دفاع کے متعدد یونٹس وہاں پہنچ گئے جنہوں نے آگ بجھانے کی کارروائیوں کا آغاز کردیا۔
شہری دفاع کا کہنا تھا کہ درختوں اور جھاڑیوں میں لگی آگ کو بجھانے کےلیے مخصوص آلات استعمال کیے جارہے ہیں جن کا مقصد آگ کو پھیلنے سے روکنا ہے۔