طویل بندش کے بعد مملکت اور شام کے درمیان فضائی سروس بحال
دونوں ممالک کے مابین سال 2012 میں تعلقات منقطع ہوئے تھے(فوٹو، ایکس اکاونٹ)
سعودی عرب اور شام کے درمیان طویل بندش کے بعد فضائی سروس بحال کردی گئی۔ دوں ممالک کے درمیان کمرشل پروازیں گزشتہ ایک دہائی سے بند تھیں۔
عاجل نیوز کے مطابق شامی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے مابین تعلقات بہتر ہوتے ہی فضائی آپریشن بھی شروع کردیا گیا ہے۔
سعودی عرب اور شام کے تعلقات سال 2012 میں منقطع ہو گئے تھے تاہم حالیہ برسوں میں شام سمیت بعض عرب ممالک کے ساتھ سفارتی تعلقات بحال ہونا شروع ہوئے اور عرب لیگ میں ان ممالک کی دوبارہ شمولیت بھی ممکن ہوئی۔
شامی سرکاری نیوز ایجنسی ’سانا‘ کے مطابق مملکت میں شامی حکومت کے سفیر ایمن سوسن کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے مابین کمرشل پروازوں کی بحالی اس بات کی واضح علامت ہے کہ دونوں برادر ممالک کے مابین محتلف شعبوں میں تعلقات کو فروغ ملے گا۔
خیال رہے شامی عازمین حج کے قافلے اگرچہ مئی میں براہ راست مملکت آئے تھے تاہم شامی ایئرلائن کی کمرشل پرواز کا آج بروز بدھ ریاض آنا تعلقات کے استحکام اور فروغ میں ایک نیا آغاز ہے۔