Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت کے بیشتر علاقے گرم جبکہ بعض مقامات پربارش کی توقع

مشرقی ریجن میں درجہ حرارت 50 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے(فوٹو، ایکس اکاونٹ)
قومی مرکز برائے موسمیات کا کہنا ہے کہ آج بروز جمعہ مملکت کے مختلف شہروں میں بارش اور گرد وغبار چھایا رہے گا جبکہ بیشتر علاقوں میں موسم گرم رہے گا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق موسمیاتی مرکز کی جانب سے جاری ہونے والی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ الجوف ریجن کے علاقہ دومہ الجندل ، سکاکا ، القریات اور طبرجل میں موسم گرد آلود رہے گا جبکہ تیز ہواوں کی وجہ سے شاہراہوں پرحد نگاہ بھی متاثر ہو سکتی ہے۔
مشرقی ریجن میں گرمی کا سلسلہ جاری رہے گا جہاں درجہ حرارت 50 ڈگری تک پہنچ جائے گا۔ گرمی سے الجبیل ، الخبر، دمام ، قطیف ، راس تنورہ ، الاحساء ، بقیق ، الخفجی ، النعیریہ ، حفرالباطن اور العلیا کے علاقے بھی متاثر ہوں گے۔
نجران ریجن میں درجہ حرارت 48 ڈگری تک رہنے کا امکان ہے۔ گرمی کی شدت میں شام کے بعد کمی ہونا شروع ہوگی تاہم ہوا میں گرمی کا تناسب زیادہ رہے گا۔
مدینہ منورہ ریجن کے علاقے الرایس ، ینبع ، بدر ، وادی الفرع میں گرد وغبار چھاے رہنے کی توقع ہے جس کا سلسلہ جمعہ کی شام تک جاری رہے گا۔
ریاض اور قصیم ریجن میں بھی گرمی کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے جبکہ پارہ 48 ڈگری تک پہنچ جائے گا جس کی وجہ سے ہوا میں گرمی کا تناسب زیادہ محسوس ہوگا۔

ریاض ، القصیم ریجنز میں بھی گرد وغبار چھایا رہے گا(فوٹو، ایکس اکاونٹ)

قومی مرکز کی رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ مکہ مکرمہ ریجن کے بعض بالائی علاقوں میں ہلکی بارش کی توقع ہے جبکہ طائف اور مکہ مکرمہ شہر کے علاوہ جدہ ، رابغ اور الکامل ، خلیص ، المویہ ، تربہ ، بحرہ ، الجموم اور القنفذہ میں تیز ہوائیں چلیں گی جس کی وجہ سے شاہراہیں گرد وغبار کی لپیٹ میں رہیں گی۔
عسیر ریجن کے بیشتر علاقوں میں ہلکی بارش کا سلسلہ جاری رہے گا وقفے وقفے سے ہونے والی بوندا باندی کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہے گا جس کی وجہ سے ہوا میں نمی کا تناسب بڑھ جانے سے گرمی کی شدت میں کمی ہونے کا امکان ہے۔

شیئر: