کیا واقعی بلیو بیریز میں بہت سی بیماریوں کا علاج ہے؟
کیا واقعی بلیو بیریز میں بہت سی بیماریوں کا علاج ہے؟
ہفتہ 13 جولائی 2024 6:23
بلیو بیریز دماغی صحت کو بڑھانے اور اس کے افعال کو بہتر بنانے کے لیے جانی جاتی ہیں۔ (فوٹو: پکسابے)
بلیو بیریز جہاں غذائیت سے بھرپور ہوتی ہیں وہیں ان میں وٹامنز، منرلز، فائبر اور طاقتور اینٹی آکسیڈنٹس بھی موجود ہوتے ہیں جو انسانی صحت کے لیے بے حد مفید ہیں۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق بلیو بیریز کا استعمال دل کی صحت، دماغ کی کارکردگی، بلڈ شوگر، نظام انہضام، قوت مدافعت اور انسانی جلد پر مثبت اثر ڈالتا ہے۔
انہیں کھانے سے مزید کیا فوائد حاصل ہوتے ہیں، ذیل میں اس بارے میں بتایا گیا ہے۔
اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور
بلیو بیریز میں اینٹی آکسیڈنٹس کافی زیادہ ہوتے ہیں، خاص کر اینتھو سائننز جن کی وجہ سے ان کا رنگ گہرا نیلا ہوتا ہے۔ اینٹی آکسیڈنٹس خلیوں کو نقصان پہنچنے سے روکتے ہیں اور کینسر جیسے مرض سے بھی لڑتے ہیں۔
بلیو بیریز میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس، فائبر، وٹامن سی اور پوٹاشیئم کے ساتھ دل کی صحت کے لیے مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ اینتھو سائننز بلڈ پریشر کو کم رکھ کر ہارٹ اٹیک سے بچاتے ہیں۔
دماغ کی بہتر کارکردگی
بلیو بیریز دماغی صحت کو بڑھانے اور اس کے افعال کو بہتر بنانے کے لیے جانی جاتی ہیں۔ بلیو بیریز میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس دماغ میں آکسیڈیٹیو تناؤ اور سوزش کو کم کرتے ہیں، جو یادداشت اور سیکھنے کے عمل کو بہتر بنانے میں مدد کر سکتے ہیں۔
بلڈ شوگر کا کنٹرول
بلیو بیریز میں کم گلیسیمک انڈیکس ہوتا ہے اور اس میں فائبر زیادہ ہوتا ہے، جو خون میں شوگر کی سطح کو کنٹرول کرنے میں مدد کرتا ہے۔
نظام انہضام میں بہتری
بلیو بیریز میں موجود فائبر کی زیادہ مقدار معدے کے لیے اچھی ہوتی ہے۔ اسے کھانے سے قبض بھی نہیں ہوتی۔
قوت مدافعت میں اضافہ
بلیو بیریز وٹامنز اور منرلز سے بھرپور ہوتی ہیں، خاص کر اس میں موجود وٹامن سی قوت مدافعت کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
سوزش کم کرنے کی خاصیت
جسم میں سوزش مختلف بیماریوں کا سبب بن سکتی ہے۔ اس لیے بلیو بیریز میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس، جو سوزش کم کرنے کی خاصیت رکھتے ہیں، جسم میں سوزش کو کم کرتے ہیں۔
کینسر سے حفاظت
بلیو بیریز میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس خاص کر اینتھو سائننز جسم میں کینسر کے خلیوں کی نشو و نما کو روکتے ہیں۔
اچھی جلد
بلیو بیریز میں موجود وٹامن سی اور ای جلد کی صحت کے لیے لازم ہیں۔ وٹامن سی کا استعمال جلد پر جھریاں نہیں پڑنے دیتا اور اسے شاداب رکھتا ہے۔
وزن کم کرنے میں معاون
بلیو بیریز میں کیلوریز کم اور فائبر زیادہ ہوتا ہے جو وزن کم کرنے کے منصوبے میں اچھا کردار ادا کرتا ہے۔