امریکی انفلوئینسر کا 10 سال سے سڑکوں پر رہنے والی خاتون کے لیے مکان کا تحفہ
سیاہ فام خاتون دس سال سے سڑکوں پر زندگی گزار رہی تھی (فوٹو: انسٹاگرام، سکرین گریب)
سوشل میڈیا پر ایک انفلوئینسر کی جانب سے ایک بے گھر خاتون کو اپارٹمنٹ تحفے میں دینے کی ویڈیو وائرل ہوئی ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق امریکہ کی سڑکوں پر10 برس تک بغیر چھت کے زندگی بسر کرنے والی خاتون کو ایشایا گرازا نامی سوشل میڈیا انفلوئینسر کی جانب سے اپارٹمنٹ کا تحفہ دیا گیا جس کی سوشل میڈیا پر خوب پذیرائی ہو رہی ہے۔
وائرل ہونے والی اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ انفلوئینسر گاڑی میں بے گھر خاتوں کے پاس پہنچتے ہیں اور خاتون کو ایک تحفہ دیتے ہیں۔ جب خاتون اس گفٹ کو کھولتی ہیں تو اس میں سے ایک چابی نکلتی ہے۔
انفلوئینسر خاتون کو آگاہ کرتے ہیں کہ یہ ان کے لیے خریدے گئے اپارٹمنٹ کی چابی ہے۔ یہ جملہ سن کر خاتون کی آنکھیں بھر آتی ہیں اور وہ جذبات میں بارہا ان سے سوال کرتی ہیں کہ ’تم پاگل تو نہیں ہو‘۔
اس ویڈیو میں آگے چل کر مزید دیکھا جا سکتا ہے کہ ایشایا گرازا اس بے گھر خاتون کو نئے گھر پہنچاتے ہیں جہاں ٹی وی، بیڈ وغیرہ سمیت گھر کا دیگر سامان موجود ہوتا ہے۔
ایشایا گرازا کی جانب سے اس ویڈیو کے ساتھ ایک کیپشن بھی پوسٹ کیا گیا تھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ ’10 سالوں سے گھر کے بغیر رہنے والی ایک خاتون کو ان کے اپنے پہلے گھر کا سرپرائز دینا ایک منفرد احساس ہے، میں نے اس دن سے اور خاتون کی مدد کرنے کے عمل سے بہت کچھ سیکھا، وہ (بے گھر خاتون‘ ایک شاندار انسان ہے اور میں اس خوبصورت لمحے کو کبھی بھی نہیں بھولوں گا۔‘
انفلوئینسر نے مزید لکھا کہ ’میں یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر 200 ملین ویوز کو عبور کرنے کی خوشی میں پوسٹ کر رہا ہوں۔ اُس وقت مجھے احساس نہیں تھا کہ 10 سال سے زیادہ سڑکوں پر رہنے سے کوئی شخص کس قدر ذہنی صحت کے مسائل اور صدمے سے گزرتا ہو گا، مجھے خوشی ہے کہ میں اس وقت اس کی زندگی میں تھوڑی سی تبدیلی لا پایا ہوں۔‘
واضح رہے کہ انسٹاگرام پر سات جون کو پوسٹ کی گئی اس ویڈیو کو اب تک تقریبا 11 اعشاریہ ایک ملین افراد نے دیکھ لیا ہے جبکہ 9 لاکھ سے زائد لوگوں کی جانب سے اسے لائیک کیا گیا ہے۔