پاکستان میں ایکس (سابق ٹوئٹر) کا متبادل سمجھا جانے والا بلیو سکائی سوشل میڈیا پلیٹ فارم بند کر دیے جانے کی اطلاعات ہیں۔
منگل کے روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر متعدد پاکستانی صارفین نے پوسٹ کیا کہ ’بلیو سکائی سوشل‘ ملک میں بغیر وی پی این کے نہیں چل رہا۔
سوشل میڈیا صارف سید زاہد عباس نے ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ’مبارک ہو پاکستانیوں۔۔ پیارے وطن عزیر میں بلیو سکائی بھی فتح کرلیا گیا۔ وی پی این کے بغیر اڑان نہیں بھری جا رہی، اب کوئی رہ تو نہیں گیا فتح کرنے والا؟‘
ایک اور صارف نے لکھا ’لوگو انہوں نے بلیو سکائی پر بھی پابندی لگا دی ہے، پاکستان میں سکیورٹی کے اتنے مسائل ہیں لیکن یہ صرف سوشل میڈیا ایپس ہی بند کرنا چاہتے ہیں۔‘
متعدد صارفین بلیو سکائی پر تبصرے کرتے ہوئے ایک ہی بات کہتے نظر آئے کہ یہ پلیٹ فارم اب بغیر وی پی این کے نہیں چل رہا۔
واضح رہے پاکستان میں ایکس سروسز کئی ماہ سے معطل ہیں اور صارفین بغیر وی پی این کے ایکس استعمال کرنے سے قاصر ہیں۔
گذشتہ عرصے سے پاکستان حکومت کی جانب سے متعدد بیان بھی سامنے آئے جن میں ایکس کو ’ملکی سلامتی کے لیے خطرہ‘ قرار دیا گیا۔
پاکستان میں ایکس کی بندش کے خلاف عدالتی کیسز بھی چلے مگر حکومت نے سروسز بحال نہیں کیں۔
وزارت داخلہ نے عدالت میں جمع کرائے گئے اپنے ایک جواب میں کہا تھا کہ ’ایکس پر ملکی اداروں کے خلاف نفرت انگیز مواد اپ لوڈ کیا جاتا ہے‘
وزارت داخلہ کے مطابق ’ملکی قوانین کی خلاف ورزی کی صورت میں ایکس پر پابندی کے سوا کوئی راستہ نہیں تھا۔ ملکی سکیورٹی اور وقار کے لیے پابندی لگائی ہے۔‘
مزید پڑھیں
-
فری لانسرز وی پی این کی رجسٹریشن کیسے کروا سکتے ہیں؟Node ID: 881746