Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ابوظبی: مہندی کے انتظامات نہ کرنے پر دلہن کا کمپنی کے خلاف مقدمہ

کمپنی نے معاہدے کے خلاف ورزی کی ہے۔ (فوٹو الامارات الیوم)
ابوظبی کی عدالت نے ایونٹ آرگنائزنگ کمپنی کو پابند کیا ہے کہ وہ شادی کی تقریب میں مہندی کا پروگرام ترتیب نہ دینے اور معاہدے کی خلاف ورزی پر دلہن کو 9 ہزار درھم ادا کرے۔
الامارات الیوم اخبار کے مطابق ابوظبی کی عدالت میں ایک خاتون نے درخواست دائر کی کہ اس کی شادی کی رسومات کی ادائیگی کے لیے تقریبات کا انتظام کرنے والی کمپنی نے معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے جس پر اسے مہمانوں کے سامنے سخت کوفت اٹھانا پڑی۔
خاتون نے عدالت سے مطالبہ کیا کہ اسے 4 ہزار درھم کے علاوہ مزید 10 ہزار درھم ہرجانے کے طور پر ادا کرائے جائیں۔
درخواست میں مزید کہا گیا تھا کہ کمپنی نے معاہدہ کیا تھا کہ شادی کی تقریب کے علاوہ خصوصی طور پر مہندی کی تقریب کے انتظامات کیے جائیں گے جس کے لیے سٹیج اور دیگر لوازمات کا انتظام کیا جائے گا۔ 
مدعیہ کا مزید کہنا تھا کہ اسے تقریب کے دن مہمانوں کے سامنے سخت کوفت کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ مہندی کی رسم کے لیے الگ تیاریاں کرنا تھیں جس کی اضافی رقم ادا کی گئی تھی جو معاہدے میں درج ہے۔
عدالت نے معاہدے کے مندرجات دیکھتے ہوئے فیصلہ کیا کہ فریق ثانی کی جانب سے دعوے کا جواب نہیں دیا گیا اور نہ ہی کسی قسم کی معذرت کی گئی جس پر عدالت نے معاہدے کو کینسل کرتے ہوئے مدعیہ کی جانب سے ادا کیے گئے 4 ہزار درھم اور 5 ہزار درھم ہرجانے کے طور پرادا کرنے کا حکم صادر کر دیا۔
 
امارات کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز یو اے ای“ گروپ جوائن کریں
 

شیئر: