دبئی پولیس نے یورپی خاتون کو ڈوبنے سے بچالیا
واقعہ کی اطلاع ملنے کے پانچ منٹ کے اندر میرین سیکیورٹی اہلکار پہنچ گئے ( فوٹو: امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات میں دبئی پولیس کے دو افسران نے اطلاع ملنے کے صرف پانچ منٹ کے اندر ایک یورپی خاتون کو مرینا کے قریب ساحل سمندر پر ڈوبنے سے بچا لیا۔
میرین سیکورٹی ڈیپارٹمنٹ کے دو افسران کارپول امجد محمد البلوشی اور کارپول خمیس محمد العیسائی کو ان کی جراتمندانہ کوششوں پر اعزاز سے نوازا گیا۔
امارات الیوم کے مطابق پورٹس پولیس سٹیشن کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر ڈاکٹر حسن سہیل نے بتایا’ واقعہ کی اطلاع ملنے کے پانچ منٹ کے اندر ڈیوٹی پر موجود میرین سیکیورٹی فورس کا دستہ جائے وقوعہ پر پہنچ گیا اور خاتون کو ڈوبنے سے بچایا اور ایمبولینس کی آمد تک فوری مدد فراہم کی‘۔
ڈاکٹر حسن سہیل نے مزید کہا’ جنرل ڈیپارٹمنٹ آف آپریشنز کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کو ایک اطلاع موصول ہوئی کہ مرینا بیچ کے قریب تیراکی کرتے ہوئے ایک یورپی خاتون کے ڈوبنے کا خطرہ ہے‘۔
انہوں نے زور دیا کہ’ اس اقدام کا مقصد دبئی کے تمام پولیس اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے تاکہ وہ کمیونٹی کو بہترین خدمات کی فراہمی جاری رکھیں‘۔
انہوں نے سال سمندر اور سوئمنگ کے لیے جانے والوں پر بھی زور دیا کہ وہ حفاظتی ہدایات پرعمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ کو تیرنا نہیں آتا تو گہرے پانی میں نہ جائیں۔
بچوں کو پانی میں تنہا نہ چھوڑیں اور صرف مخصوص علاقوں میں تیراکی کریں جہاں لائف گارڈز موجود ہوں۔