جی سی سی ممالک سے مملکت آنے والے سیاحوں کی تعداد بڑھ گئی
جی سی سی ممالک میں بحرین 3.4 ملین سیاحوں کے ساتھ سرفہرست ہے۔(فائل فوٹو: عرب نیوز)
سعودی وزارت سیاحت نے کہا ہے کہ ’سال 2023 کے دوران جی سی سی ممالک سے مجموعی طور پر 8.6 ملین سیاح سعودی عرب آئے ہیں۔‘
ایس پی اے کے مطابق جی سی سی ممالک سے آنے والے سیاحوں میں خلیجی شہری، مقیم تارکین اور غیرملکی سیاح شامل ہیں۔ انہوں نے مملکت میں 15 ارب ریال سے زیادہ خرچ کیے۔
وزارت کی جانب سے سال 2023 کےلیے سیاحت کے حوالے سے جاری اعداد وشمار میں بتایا گیا کہ جی سی سی ممالک میں بحرین 3.4 ملین سیاحوں کے ساتھ سرفہرست ہے۔
اس کے بعد کویت 2.3 ملین سیاحوں کی تعداد کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔
متحدہ عرب امارات سے آنے والے سیاحوں کی تعداد 1.4 ملین جبکہ قطر سے1.1 ملین رہی۔
خلیجی ریاستوں میں عمان سے آنے والے سیاحوں کی تعداد سب سے کم چار لاکھ 55 ہزار ریکارڈ کی گئی۔
یاد رہے کہ سال 2023 کے دوران بیرون ملک سے سعودی عرب آنے والے سیاحوں کی تعداد 27 ملین سے تجاوز کرگئی ہے جبکہ ان کے اخراجات 141 ارب ریال رہے۔
گزشتہ سال کے دوران مقامی اور غیر ملکی سیاحوں کی تعداد 109 ملین سے بڑھ گئی۔