دبئی میں گزشتہ 6 ماہ میں 9.31 ملین غیر ملکی سیاح آئے
دبئی میں گزشتہ 6 ماہ میں 9.31 ملین غیر ملکی سیاح آئے
منگل 30 جولائی 2024 21:38
2023 میں دبئی آنے والے سیاحوں کی تعداد 8.55 ملین تھی۔ (فوٹو عاجل)
دبئی میں 2024 کے ابتدائی 6 ماہ کے دوران 9.31 ملین غیر ملکی سیاح آئے۔
الامارات الیوم کے مطابق دبئی میں محکمہ اقتصادیات و سیاحت کے جاری کردہ تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق جنوری تا جون 2024 کے دوران دبئی آنے والے سیاحوں کی تعداد 9.31 ملین رہی جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 9 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ برس 2023 کے ابتدائی 6 ماہ کے دوران یہ تعداد 8.55 ملین تھی۔
ولی عہد دبئی شیخ حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم نے اپنے ایکس (ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر تصدیق کی کہ ’دبئی میں سیاحت کے شعبے نے اس سال بہترین کارکردگی دکھائی ہے جو حاکم دبئی شیخ محمد بن راشد آل مکتوم کے وژن کا عکاس اور دبئی اکنامک ایجنڈا (ڈی 33) کے مقاصد کے مطابق ہے۔ اس کا مقصد اکنامک لحاظ سے عالمی شہروں میں اپنی پوزیشن کو مضبوط اور دنیا کا بہترین شہر بنانا ہے تاکہ لوگ نئی منڈیوں کے حوالے سے اس علاقے کو ترقی دیں اور سیاحوں کے لیے یہ شہر کشش کا باعث بنے‘۔
دبئی میں محکمہ اقتصادیات و سیاحت کے ڈائریکٹر جنرل ھلال سعید المری نے کہا کہ ’2024 کی پہلی ششماہی کے دوران دبئی آنے والوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ حاکم دبئی شیخ محمد بن راشد آل مکتوم اور ولی عہد دبئی شیخ حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم کے وژن اور ان کی دانشمندانہ قیادت کا نتیجہ اور دبئی اکنامک ایجنڈے کے عین مطابق ہے۔ جس کے تحت (دبئی کو رہنے، کام کرنے اور دیکھنے کے لیے بہترین شہر بنانا ہے)‘۔
جنوری سے جون 2024 تک دبئی آنے والے سیاحوں میں جی سی سی اورمشرق وسطی و شمالی افریقہ کے سیاحوں کی تعداد بالترتیب 1.27 ملین (14 فیصد) اور 1.09 ملین (12 فیصد) رہی۔ یہ دبئی آنے والے کل سیاحوں کا 26 فیصد ہے۔
اسی طرح مغربی یورپ کے زائرین کی تعداد 1.89 ملین رہی جبکہ جنوبی ایشیا کے سیاحوں کی تعداد 1.62 ملین تک پہنچ گئی۔ اسی طرح مشرقی یورپ 1.37 ملین، شمال مشرقی اور جنوب مشرقی ایشیا 8 لاکھ 96 ہزار، دیگر خطوں میں امریکہ 617000، آسٹریلیا 154000 اور افریقہ کے 404000 سیاح چھ ماہ کے دوران دبئی آئے۔