ایئرپورٹ سکیورٹی پاس کیلئے سکیورٹی کلیئرنس، سندھ پولیس نے ایپ لانچ کر دی
ایئرپورٹ سکیورٹی پاس کیلئے سکیورٹی کلیئرنس، سندھ پولیس نے ایپ لانچ کر دی
منگل 13 اگست 2024 13:45
زین علی -اردو نیوز، کراچی
پاسز کے اجرا کا اختیار صرف اے ایس ایف کے پاس ہی ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایس ایف)
محکمہ پولیس سندھ کی سپیشل برانچ نے ایئرپورٹ سکیورٹی پاس کے لیے ضروری سکیورٹی کلیئرنس کا سرٹیفیکیٹ ایپ کے ذریعے فراہم کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔
یہ ایپ درخواست دہندگان کو سیکیورٹی کلیئرنس کا سرٹیفیکیٹ حاصل کرنے میں مدد فراہم کرے گی، مگر پاس کے اجرا کا اختیار صرف ایئرپورٹ سکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کے پاس ہی ہے۔
کراچی سمیت ملک کے ہوائی اڈوں پر روانگی اور آمد کے لاونجز تک رسائی کے لیے ایئرپورٹ سکیورٹی فورس کی جانب سے پاس جاری کیے جاتے ہیں، یہ پاس رکھنے والے افراد ایئرپورٹ کے احاطے میں داخل ہونے کے لیے ان کا استعمال کرتے ہیں۔ ملک بھر کے ایئرپورٹس پر سکیورٹی کے فرائض سرانجام دینے والا ادارہ ایئرپورٹ سکیورٹی فورس ( اے ایس ایف) یہ پاسز جاری کرتا ہے۔
ایئرپورٹ میں داخلے کے لیے کتنی طرح کے پاسز جاری کیے جاتے ہیں؟
ایئرپورٹ میں داخلے کے لیے دو طرح کے پاسز جاری کیے جاتے ہیں، ایک پاس ایئرپورٹ پر کام کرنے والے افراد کو جاری کیے جاتے ہیں جو مستقل پاس کہلاتے ہیں۔
یہ پاسز مخلت سکیورٹی ایجنسیز، سول ایوی ایشن اتھارٹی کے عملے، ایئرپورٹ کے لاونجز میں موجود ڈیوٹی فری شاپس، فوڈ کورٹس اور کافی شاپ سمیت دیگر ایئرپورٹ پر کام کرنے والے افراد کو جاری کیے جاتے ہیں۔
اس کے علاوہ عارضی پاسز بھی جاری کیے جاتے ہیں، یہ پاس کسی خاص موقع پر وی آئی پیز کو جاری کیے جاتے ہیں۔ ان کے علاوہ عام شہری بھی عارضی پاس حاصل کر کے ایئرپورٹ میں اپنے پیاروں کو چھوڑنے یا ان کے استقبال کے لیے جا سکتے ہیں۔
ایئرپورٹ پاس کیسے حاصل کیے جا سکتے ہیں؟
ترجمان ایئرپورٹ سکیورٹی (اے ایس ایف) فورس غلام رسول نے اردو نیوز کو بتایا کہ اے ایس ایف کی جانب سے ایئرپورٹ میں داخلے کے لیے دیے جانے والے پاسز کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ’پرانے قانون کے مطابق مستقل پاس حاصل کرنے والے کو ایک فارم بھرنا ہوتا ہے، اس فارم کے ساتھ اپنے ادارے کے کارڈ کی کاپی اور شناختی کارڈ کے ساتھ پولیس کی سپیشل برانچ اور انٹیلیجنس بیورو (آئی بی) سے کلیئرنس لانی ہوتی ہے، دستاویزات کے مکمل ہونے پر اے ایس ایف کا متعلقہ ڈیپارٹمنٹ کیس کا جائزہ لیتا ہے اور پاس جاری کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کرتا ہے۔‘
ترجمان اے ایس ایف کے مطابق عارضی پاس حاصل کرنے کے خواہش مند شہری اپنا قومی شناختی کارڈ یا دیگر شناختی کاغذات کے ہمراہ اے ایس ایف سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ اپنے دستاویزات کے ساتھ لاؤنج میں جانے کی وجہ اور مسافر کی تفصیل فراہم کرنے کے بعد ایئرپورٹ سکیورٹی فورس سے پاس حاصل کیا جا سکتا ہے۔
اس سے قبل آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے سپیشل برانچ کراچی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ایئرپورٹ سکیورٹی پاس کے لیے درکار کلیئرنس سرٹیفیکٹ کے آن لائن اجرا کے لیے ایپ کا افتتاح کیا۔ اس ایپ کے ذریعے شہری ناصرف سکیورٹی سرٹیفکیٹ حاصل کر سکتے ہیں بلکہ اسلحہ لائسنس کے حصول کے لیے ویریفیکیشن بھی آن لائن کرا سکتے ہیں۔
ترجمان سندھ پولیس کے مطابق سپیشل برانچ میں ایپ کے ذریعے سسٹم سرٹیفیکیٹ جاری کرنے سے شہری کو بہت فائدہ پہنچے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس ایپ سے پہلے درخواست گزار کو خود سپیشل برانچ کے دفتر کا آنا ہوتا تھا، ایک درخواست کے ہمراہ فارم بھر کے جمع کرانا ہوتا تھا، اس کے بعد پولیس کی جانب سے ویریفکیشن کے عمل تک انتظار کرنا ہوتا تھا اور پھر سرٹیفکیٹ حاصل ہوتا تھا۔
’یہ ایک مشکل عمل تھا، اس میں بہت وقت لگتا تھا، اب شہری باآسانی گھر بیٹھے ایپ کے ذریعے اپنی دستاویزات ناصرف جمع کروا سکیں گے بلکہ وصول بھی کر سکیں گے، اس سے وقت بھی بچے گا اور دفاتر کے چکر لگانے کا سلسلہ بھی ختم ہو جائے گا۔‘