بیرون ملک سفر کرنے کے لیے سب سے سستا ٹکٹ کہاں سے مل سکتا ہے؟
بیرون ملک سفر کرنے کے لیے سب سے سستا ٹکٹ کہاں سے مل سکتا ہے؟
ہفتہ 17 اگست 2024 8:00
زین علی -اردو نیوز، کراچی
کراچی سے بُک کرایا گیا ٹکٹ لاہور یا اسلام آباد کے مقابلے میں 10 ہزار سے 45 ہزار تک سستا ہوتا ہے‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان سے مسافر جب بیرون ملک سفر کرنے کا ارادہ کرتے ہیں تو انہیں اکثر سستے ٹکٹ کی تلاش میں مشکل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
سنہ 2025-2024 کے وفاقی بجٹ میں ٹیکسز میں اضافے کی وجہ سے ہوائی جہاز کے ٹکٹ کی قیمت میں بھی کافی اضافہ ہوا ہے۔
تاہم اب بھی چند شہروں میں بین الاقوامی پروازوں کے لیے سستے ٹکٹ دستیاب ہیں جو مسافروں کے بجٹ کی ضروریات کو پورا کر سکتے ہیں۔
سستے ٹکٹ کی تلاش کا مرکز
کراچی بیرون ملک سفر کرنے کے لیے سستا فضائی ٹکٹ حاصل کرنے کا بہترین مقام ہے۔ جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر متعدد بین الاقوامی ایئرلائنز اپنی پروازیں تواتر سے چلاتی ہیں، اس وجہ سے یہاں سستے ٹکٹ تلاش کرنا نسبتاً آسان ہے۔
کراچی میں زیادہ ایئرلائنز کی موجودگی اور ان کے مابین مسابقت اس شہر کو لاہور اور اسلام آباد کے مقابلے میں سستی پروازوں کے لیے ایک ترجیحی مقام بناتی ہے۔
پاکستان ٹریول ایجنٹس اینڈ ٹور آپریٹرز ایسوسی ایشن (ٹاپ) کے رہنما ندیم شریف اس بات سے اتفاق کرتے ہیں کہ کراچی میں زیادہ بین الاقوامی پروازوں کی دستیابی اور آپس کی مسابقت سے مسافروں کو سستے ٹکٹ خریدنے کی سہولت مل جاتی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کا سب سے بڑا شہر ہونے اور بین الاقوامی ایئرلائنز کی بھرپور موجودگی کی وجہ سے کراچی سے بیرون ملک سفر کرنے والے مسافر لاہور اور اسلام آباد کے مقابلے میں زیادہ سستا ٹکٹ حاصل کر سکتے ہیں۔ کراچی اور دیگر دیگر شہروں سے ٹکٹ کی بکنگ میں کتنا فرق ہے؟
کراچی میں ٹکٹ بکنگ کاؤنٹر پر کام کرنے والے نوید وحید نے اردو نیوز کو بتایا کہ کراچی سے ٹکٹ کی بکنگ دیگر شہروں کے مقابلے میں سستی ہے۔
’اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ بڑا شہر ہونے کی وجہ سے یہاں پروازوں کی تعداد زیادہ ہے اور سفر کرنے والوں کے پاس مختلف ایئرلائنز کا آپشن بھی موجود ہے۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ایک محتاط اندازے کے مطابق کراچی سے بُک کرائے گئے ٹکٹ کی قیمت لاہور یا اسلام آباد سے بُک کرائے گئے ٹکٹ کے مقابلے میں 10 ہزار سے 45 ہزار روپے تک کم ہوتی ہے۔
’اسی طرح سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سمیت خلیجی ممالک کا سفر کم ہونے کی وجہ سے ٹکٹ 5 سے 15 ہزار روپے تک سستا مل جاتا ہے۔‘
نوید وحید مزید کہتے ہیں کہ ’یورپی ممالک کے لیے ٹکٹ کی قیمت میں تقریباً 30 سے 35 ہزار روپے کا فرق آتا ہے جبکہ امریکہ اور کینیڈا کے لیے ٹکٹ 45 ہزار روپے تک سستا مل سکتا ہے۔‘ چھوٹے شہروں کا چیلنج
کراچی کے علاوہ پاکستان کے چھوٹے شہروں سے بیرون ملک سفر کرنے والے مسافروں کے لیے سستی پروازیں تلاش کرنا مشکل ہو سکتا ہے۔
ندیم شریف نے بتایا کہ پاکستان کے چھوٹے شہروں سے یورپ جانے والوں کے لیے سستے ٹکٹ حاصل کرنا مشکل تر ہوگیا ہے۔
’اس کی وجہ یہ ہے کہ پاکستانی ایئرلائنز کی یورپ کے لیے پروازوں پر پابندی کے بعد مسافروں کو اب غیرملکی ایئرلائنز پر انحصار کرنا پڑ رہا ہے۔‘
ان کا کہنا ہے کہ بیشتر غیرملکی ایئرلائنز زیادہ تر اپنی پروازیں پاکستان کے بڑے شہروں یعنی کراچی، لاہور اور اسلام آباد سے ہی آپریٹ کرتی ہیں۔
’فیصل آباد، پشاور اور ملتان میں بین الاقوامی پروازوں کی محدود تعداد کے باعث مسافروں کو اکثر مہنگے داموں ٹکٹ خریدنا پڑتے ہیں۔‘
ندیم شریف کا کہنا ہے کہ ’یورپ کے لیے پروازوں کی کمی اور محدود آپشنز کے باعث چھوٹے شہروں کے مسافروں کو زیادہ قیمت ادا کر کے ٹکٹ خریدنا پڑتے ہیں۔‘
نوید وحید نے کہا کہ اس کے علاوہ مسافروں کے پاس کچھ دیگر آپشنز بھی ہوتے ہیں جن کے ذریعے وہ اپنے شہروں سے بھی سستے ٹکٹ خرید سکتے ہیں۔
’آج کل ٹکٹوں کی آن لائن بکنگ میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، اس کی بنیادی وجہ مختلف ایئرلائنز کی جانب سے دی جانے والی آفرز ہیں۔ مسافر اپنے مطلوبہ ملک کی پرواز کو آن لائن تلاش کر کے کریڈٹ کارڈ کے ذریعے ٹکٹ خرید لیتے ہیں۔‘
نوید وحید کے مطابق اس کے علاوہ کچھ آن لائن فورمز بھی سستے ٹکٹ کی پیش کش کر رہے ہیں جن میں گوگل فلائٹس، کایک اور سکائی سکینر سمیت دیگر فورمز شامل ہیں۔
’سستا ٹکٹ خریدنے کے لیے مسافر اگر آف سیزن کا انتظار کریں تو انہیں مزید فائدہ ہو سکتا ہے، تعطیلات اور تہواروں کے موقع پر ٹکٹ اکثر مہنگے ہو جاتے ہیں۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ’ایسے ایونٹس سے قبل اپنا پروگرام ترتیب دے کر ٹکٹ بُک کر لیا جائے تو اس سے مناسب بچت ہو سکتی ہے۔ اس کے علاوہ مسافر کنیکٹنگ فلائٹس کا آپشن استعمال کرتے ہوئے بھی سستا ٹکٹ خرید سکتے ہیں۔‘