سعودی عرب میں نئے تعلیمی سال کا آغاز، 6 ملین طلبہ کی سکولوں میں واپسی
مملکت میں سٹیشنری شاپس پر سرگرمیوں میں اضافہ دیکھا گیا۔( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں موسم گرما کی تعطیلات کے اختتام پر نئے تعلیمی سال کا آغاز اتوار 18 اگست 2024 سے ہورہا ہے۔ 60 لاکھ سے زیادہ طلبہ کی سکولوں میں واپسی ہوگی۔
ایس پی اے کے مطابق مملکت میں 30 ہزار سے زیادہ سرکاری، پرائیویٹ، انٹرنیشنل اور غیرملکی سکولوں نے نئے تعلیمی سال کی تیاری کےلیے تقریبا پانچ لاکھ اساتذہ کا خیرمقدم کیا۔
اس سال کچھ منتخب انٹرمیڈیٹ سکولوں میں چینی زبان کی کلاسیں بھی متعارف کرائی گئی ہیں۔
وزارت تعلیم کی طرف سے جاری تعلیمی سال کے شیڈول میں بتایا گیا کہ پہلا سمسٹر18 اگست سے شروع ہو کر 7 نومبر تک جاری رہے گا۔
دوسرا سمسٹر 17 نومبر کو شروع ہوگا اور یہ 20 فروری 2025 تک رہے گا۔
تعلیمی سال کا تیسرا اور آخری سمسٹر 2 مارچ 2025 کو شروع ہوگا اور یہ 26 جون 2025 تک جاری رہے گا۔
نئے تعلیمی سال کے آغاز پر گزشتہ چند دنوں میں مملکت بھر میں سٹورز اور سٹیشنری شاپس پر سرگرمیوں میں اضافہ دیکھا گیا۔
علاوہ ازیں سعودی وزیر تعلیم یوسف البنیان نے نئے تعلیمی سال کے آغاز پر اپنے پیغام میں طلبہ پر زور دیا کہ وہ عالمی سطح پر مقابلے کےلیے سخت محنت کریں۔