مملکت کے کئی علاقوں میں جمعرات تک شدید بارش کے حوالے سے الرٹ
شہریوں اور مقیمین کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی ڈائریکٹوریٹ آف سول ڈیفنس نے مملکت کے کچھ علاقوں میں اتوارسے جمعرات تک جاری رہنے والی شدید بارش کے حوالے سے الرٹ جاری کیا ہے۔
شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ’ وادیوں اور نشیبی مقامات کے قریب نہ جائیں۔ ایسے مقامات پر جہاں پانی کا پانی جمع ہوجاتا ہے تیراکی سے گریز کیا جائے‘۔
’ بارش کے دوران سوشل میڈیا سمیت مختلف ذرائع ابلاغ کے توسط سے جاری کی جانے والی ہدایات کی پا بندی کی جائے‘۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مکہ مکرمہ اور طائف میں شدید بارش، سیلاب، ژالہ باری اور تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے جبکہ جدہ اور اللیث سمیت دیگر علاقوں میں ہلکی بارش متوقع ہے۔
ریاض کے علاقے میں درمیانے درجے کی بارش جبکہ السلیل اور وادی الدواسر میں گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
مدینہ منورہ، باحہ، عسیر اور جازان میں بارش اور ژالہ باری جبکہ نجران اور الشرقیہ ریجن میں بارش کا امکان ہے۔
علاوہ ازیں موسمیات کے قومی مرکز کے ترجمان حسین القحطانی نے کہا کہ’ پیر کو نئے تعلیمی سال کے آغاز کے ساتھ مرکز موسمی صورتحال سے نمنٹے کےلیے وزارت تعلیم کے ساتھ اپنی تیاری اور ہم آہنگی میں اضافہ کررہا ہے۔ چوبیس گھنٹے موسمی صورتحال کی اپ ڈیٹ فراہم کی جائے گی‘۔