مسام پروجیکٹ کے تحت یمن سے مزید ایک ہزار 139 بارودی سرنگیں صاف
اب تک چارلاکھ 55 ہزار827 بارودی سرنگوں کو تباہ کیا جا چکا ہے (فائل فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب کے مسام پروجیکٹ نے گزشتہ ہفتے کے دوران یمن کے مختلف علاقوں میں حوثیوں کی نصب کردہ مزید ایک ہزار139 بارودی سرنگوں کو صاف کیا ہے۔
عرب نیوز نے ایس پی اے کے حوالے سے بتایا شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی نگرانی میں مسام پراجیکٹ کی خصوصی ٹیموں نے یمن کے مختلف علاقوں سے 13 اینٹی پرسنل بارودی سرنگیں، ایک ہزار56 بغیر دھماکے کی ڈیوائسز، 56 اینٹی ٹینک بارودی سرنگیں اور 14 دھماکہ خیز ڈیوائسز کو تباہ کیا ہے۔
مارب، عدن، الجوف، لحج، صنعا، صعدہ، البیضا، الضالع، شبوہ، تعز، الحدیدہ اور دیگر علاقوں سے بارودی سرنگیں صاف کی گئی ہیں۔
مسام پروجیکٹ کے ڈائریکٹر اسامہ القصبی نے بتایا ’ 2018 میں مسام پروجیکٹ کے آغاز سے اب تک یمن میں حوثیوں کی بچھائی گئی چارلاکھ 55 ہزار827 بارودی سرنگوں کو تباہ کیا جا چکا ہے‘۔
حوثیوں کی جانب سے یمن بھر میں نصب کی جانے والی بارودی سرنگوں سے بچوں، خواتین اور معمرافراد سمیت معصوم شہریوں کی زندگیوں کو شدید خطرہ لاحق ہے۔
واضح رہے کہ حوثی باغیوں کی جانب سے 1.2 ملین سے زیادہ بارودی سرنگیں بچھائی گئی ہیں جس کے باعث سیکڑوں معصوم شہریوں کے زخمی اور ہلاک ہونے کے واقعات رونما ہوئے ہیں۔
مسام پروجیکٹ کا مقصد یمن کے مختلف شہری اور دیہی علاقوں سے بارودی سرنگوں کی صفائی کرنا ہے تاکہ معصوم شہریوں کی جانوں کو ان سے محفوظ کیا جا سکے۔
یہ پروجیکٹ مقامی انجینیئرز کی بھی تربیت اورانہیں جدید آلات فراہم کرتا ہے جبکہ باردودی سرنگوں کی زد میں آنے والے یمنی شہریوں کی بھی مدد کی جاتی ہے۔
مسام پروجیکٹ کے مطابق یمن میں بحران کے آغاز سے اب تک تقریبا 50 لاکھ افراد نقل مکانی پر مجبور ہوئے جن میں بیشتر بارودی سرنگوں کے باعث بے گھر ہوئے۔