الہلال کے ساتھ ٹائٹل جیتنے کے لیے بے تاب ہوں، نیمار کا بیان
نیمار جونیئر نے الہلال کے لیے ٹائٹلز جیتنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
برازیل کے سپرسٹار فٹبالر نیمار جونیئر نے سعودی عرب کی فٹبال لیگ میں کھیلنے کے فیصلے کا دفاع کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق نیمار نے سعودی پرو لیگ کے فٹبال کلب ’الہلال‘ میں کھیلنے کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی لیگ فرانسیسی فٹبال لیگ ’لیگ وَن‘ سے بہتر ہو سکتی ہے۔
برازیل کی قومی ٹیم کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے ہائی پروفائل کھلاڑی جو کہ سعودی لیگ میں آئے ہیں، اُن کے آنے سے سعودی لیگ میں مقابلے سخت ہو گئے ہیں اور اُنہوں نے اس لیگ کو مضبوط بنا دیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے ڈیلی میل کے مطابق نیمار کا کہنا تھا کہ ’میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ یہاں (سعودی عرب) میں فٹبال ویسا ہی ہے جیسا باہر ہے۔ فٹبال (گیند) گول ہے اور گول کرنا پڑتا ہے۔ جس قسم کے بڑے نام سعودی لیگ میں گئے ہیں، میرے خیال سے تو یہ فرانسیسی لیگ سے بہتر ہو سکتی ہے۔‘
الہلال کے سٹرائیکر نے کہا کہ ’میں ٹائٹل جیتنے کے لیے بے تاب ہوں۔ میں الہلال کے ساتھ ٹائٹل جیتنا چاہتا ہوں۔ مجھے کوئی پرواہ نہیں کہ لوگ کیا کہتے ہیں۔‘
’لوگ کہتے ہیں کہ یہ چیمپیئن شپ (سعودی لیگ) مشہور نہیں ہے، یہ کمزور ہے، جب میں فرانسیسی چیمپیئن شپ میں گیا تو وہاں بھی ایسا ہی کہا گیا اور اُسی چیمپیئن شپ میں، میں سب سے زیادہ متاثر ہوا۔‘
نیمار نے اپنے دنیا بھر کے مداحوں کو اِس بات کی یقین دہانی کروائی کہ سعودی لیگ ایک دلچسپ چیمپیئن شپ ہوگی۔
اس بارے میں انہوں نے مزید کہا کہ ’یہ چیمپیئن شپ جیتنا اتنا بھی آسان نہیں ہو گا کیونکہ باقی ٹیمیں بھی مضبوط ہو گئی ہیں۔ اُن میں معروف کھلاڑی ہیں اور مجھے یقین ہے کہ یہ ایک انتہائی دلچسپ لیگ ہو گی۔‘
خیال رہے نیمار نے سعودی کلب الہلال کے ساتھ نو کروڑ 80 لاکھ ڈالر میں دو برس کے لیے معاہدہ کیا تھا تاہم ابھی تک انہوں نے الہلال کے لیے کوئی بھی میچ نہیں کھیلا۔ اس سے پہلے وہ چھ برس کے لیے لیگ وَن کی ٹیم پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) کی طرف سے کھیلتے رہے ہیں۔
نیمار جونیئر دائیں ٹخنے کی انجری کا شکار ہیں، جس کی وجہ سے وہ ورلڈ کپ کوالیفائینگ ٹورنامنٹ کے پہلے دو راؤںڈ کھیلنے سے قاصر ہیں۔
خیال رہے سعودی پرو لیگ میں نیمار کے ساتھ ساتھ کرسٹیانو رونالڈو، کریم بینزما، ریاد مہریز اور جورڈن ہینڈرسن جیسے بڑے نام شریک ہیں.