Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کی 3 بندرگاہوں کی عالمی رینکنگ بڑھ گئی ، ٹاپ 100ورلڈ کنٹیر ہینڈلرز میں شامل

جدہ اور دمام میں کنٹینرز ٹرمینلز گنجائش کے لیے معاہدہ بھی ہوا ہے۔ (فوٹو موانی ایکس اکاؤنٹ)
سعودی عرب کی پورٹس نے سالانہ کنٹینر ہینڈلنگ میں عالمی رینکنگ کو بہتر بنایا ہے۔ سال رواں 2024 کے لیے  جاری ہونے والی ’لائیڈ لسٹ‘ رپورٹ کے مطابق دنیا کی 100 سرفہرست بندرگاہوں میں مملکت کی پورٹس 16 ویں سے 15 ویں پوزیشن پر پہنچ گئی ہیں۔
ایس پی اے کے مطابق جدہ اسلامی بندرگاہ نے گزشتہ سال کے دوران تقریبا 5.6 ملین کنٹینرز ریکارڈ کرائے اور عالمی سطح پر 41 ویں سے 32 ویں نمبر پر پہنچ گئی جبکہ 2022 میں 4.96 ملین کنٹینرز کا ریکارڈ قائم کیا تھا جس میں 12.6 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔
 کنگ عبداللہ پورٹ بھی 71 ویں سے 70 ویں نمبر پر ہے۔  گزشتہ سال 2.93 ملین کنٹینرز ریکارڈ کرائے  جبکہ 2022 میں 2.905 ملین کنٹینرز ریکارڈ ہوئے تھے جس میں 0.8 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔
دمام کا کنگ عبدالعزیز پورٹ جو 90 ویں نمبر پر تھا اس مرتبہ 82 ویں پوزیشن پر آگیا ۔ اس نے گزشتہ سال 2.305 ملین کنٹینرز کی ہینڈلنگ کی جبکہ اس کا سابقہ ریکارڈ 2.038 ملین تھا جس میں 13.1 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
سعودی پورٹس اتھارٹی کے  چیئرمین عمر بن طلال  حریری نے کہا  کہ ترقی کی شرح کے اعدادوشمار اور کنٹینرز کی تعداد میں مسلسل اضافہ عالمی لاجسٹک پاور کے طور پر مملکت کی حیثیت کی عکاسی کرتا ہے۔ وژن 2030 کے مطابق ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس سروسز کے لیے قومی حکمت عملی کے اہداف کو حاصل کرنا اور عالمی مرکز کے  طور پر مملکت کی پوزیشن کو مستحکم کرنا ہے۔
گزشتہ مدت کے دوران سعودی پورٹس اتھارٹی نے مملکت کی بندرگاہوں میں کنٹینرز ٹرمینلز کی آپریٹنگ کارکردگی کو بڑھانے کے لیے ترقیاتی اور تجارتی معاونت کے معاہدوں کے ایک پیکیج پر بھی دستخط کیے ہیں جس کی مالیت تقریبا 17 ارب ریال ہے۔
جدہ اسلامی بندرگاہ پر کنٹینرز ٹرمینلز کی گنجائش میں 70 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوگا اور دمام میں کنگ عبدالعزیز بندرگاہ پر کنٹینرز ٹرمینلز کی گنجائش میں 120 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: