Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غزہ پر اسرائیلی فضائی حملوں میں بچوں سمیت 14 افراد ہلاک ہوئے، فلسطینی حکام

جنوبی غزہ میں ایک مکان پر ہونے والے حملے میں تین بچوں سمیت پانچ افراد ہلاک ہوئے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
فلسطینی حکام کا کہنا ہے کہ غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فضائی حملوں میں کم از کم 14 افراد ہلاک ہوئے جن میں سے نصف بچے شامل ہیں۔
امریکی خبر رساں ادارے اے اپی کے مطابق حماس کے زیرانتظام سول ڈیفنس نے کہا ہے کہ غزہ شہر کے علاقے تفاح میں پیر کو رات گئے ایک فضائی حملے میں ماں سمیت تین بچے جان سے گئے جبکہ حملے کے بعد تین دیگر افراد لاپتہ ہیں۔
غزہ کی وزارت صحت کے مطابق پیر ہی کو رات گئے غزہ شہر کے مرکز میں ایک عمارت کو نشانہ بنایا گیا جس میں ایک بچہ، تین خواتین اور ایک مرد ہلاک ہوئے۔
جنوبی غزہ میں منگل کو علی الصبح ایک مکان پر ہونے والے حملے میں تین بچوں سمیت پانچ افراد ہلاک ہوئے۔
فلسطینی محکمہ صحت کے حکام نے یہ نہیں بتایا کہ اسرائیلی حملوں میں ہلاک ہونے والے عام شہری ہیں یا جنگجو۔
اسرائیل کا کہنا ہے کہ وہ شہریوں کو نقصان پہنچانے سے بچنے کی کوشش کرتا ہے لیکن حماس پر رہائشی علاقوں میں لڑائی لڑنے اور انہیں خطرے میں ڈالنے کا الزام عائد کرتا ہے۔ اسرائیلی فوج انفرادی حملوں پر شاذ ہی کوئی تبصرہ کرتی ہے جن میں اکثر خواتین اور بچے مارے جاتے ہیں۔ 
غزہ کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی جارحیت سے غزہ میں 40 ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ یہ جنگ اس وقت شروع ہوئی جب حماس کے زیرقیادت عسکریت پسندوں نے سات اکتوبر کو جنوبی اسرائیل پر دھاوا بولا، جس میں تقریباً 1200 افراد ہلاک ہوئے اور تقریباً 250 افراد کو یرغمال بنایا گیا۔
حزب اللہ کا حملہ ناکام لیکن یہ صورتحال مستقل نہیں رہے گی: اسرائیل
ایرانی حمایت یافتہ تنظیم حزب اللہ کے ایک متوقع میزائل حملے کو اسرائیل کی جانب سے قبل از وقت ناکام بنانے پر اسرائیلی حکام اور میڈیا نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
روئٹرز کے مطابق ایسا نظر آ رہا ہے کہ اتوار کو ہوئے حملوں پر حزب اللہ اور اسرائیل دونوں مطمئن ہیں۔  

25 جولائی کو حزب اللہ اور اسرائیل نے ایک دوسرے پر حملے کیے۔ (فوٹو: اے پی)

اسرائیلی حکومت کے ترجمان ڈیوڈ مینسر نے کہا کہ حزب اللہ کو اسرائیلی حملوں سے بھاری نقصان پہنچا ہے لیکن اس کے لیے اب بھی دیرپا حل کی ضرورت ہے۔
انہوں نے ایک بریفنگ کے دوران کہا کہ حزب اللہ کے حملے کو ناکام بنا دیا گیا ہے تاہم یہ صورتحال مستقل رہے گی۔
فلاڈیلفی سرحد پر اسرائیلی فوج کی مسلسل موجودگی قبول نہیں: مصر
مصر نے کہا ہے کہ وہ غزہ کی پٹی کے ساتھ اپنی سرحد پر اسرائیلی فوج کی مسلسل موجودگی کو قبول نہیں کرے گا۔
سرکاری روزنامے القاہرہ نیوز کے مطابق مصر، جو کہ غزہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کو یقینی بنانے کی کوششوں میں ایک اہم ثالث ہے، نے ’یہ بات ایک مرتبہ پھر دہرائی ہے کہ وہ سٹریٹیجک فلاڈیلفی کوریڈور کے ساتھ ساتھ کسی بھی اسرائیلی موجودگی کو قبول نہیں کرے گا۔‘

شیئر: