سعودی ہاؤسنگ سیکٹر کے امریکی کمپنیوں سے پانچ اہم معاہدے
سعودی ہاؤسنگ سیکٹر کے امریکی کمپنیوں سے پانچ اہم معاہدے
منگل 27 اگست 2024 18:59
وژن 2030 کی جانب مثبت قدم ، ہر خاندان اپنے مثالی گھر کا مالک بن سکے۔ فوٹو انسٹاگرام
سعودی عرب کے ہاؤسنگ کے شعبے نے ریئل اسٹیٹ کی ترقی اور فنانسنگ میں بین الاقوامی شراکت داری کرتے ہوئے بڑی امریکی کمپنیوں کے ساتھ پانچ اہم معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔
سعودی عرب کی سرکاری پریس ایجنسی واس کے مطابق معاہدوں کا مقصد کنگڈم کی مارگیج ری فنانسنگ مارکیٹ کو وسعت دے کر پراپرٹی فنڈنگ کو آگے لانا اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔
مملکت کے ہاؤسنگ پروگرام نے مالیاتی رسائی کو وسعت دیتے ہوئے ضوابط میں ترمیم کے ساتھ مارکیٹ میں اختیارات پیش کر کے اس شعبے کو تبدیل کر دیا ہے۔
ریئل اسٹیٹ کے نئے اقدامات کے تحت مملکت میں ہاؤسنگ کی کمی کو پورا کرتے ہوئے سعودی شہریوں کے لیے روزگار کے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔
نئی اصلاحات متعارف کرانے سے مملکت کو 2030 تک 70 فیصد آبادی کو گھروں کی ملکیت دینے کے عزم کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔
یہ اقدام وژن 2030 کے ہدف کی طرف مثبت قدم ہے جس سے ہر خاندان اپنے مثالی گھر کا مالک بن سکے۔
سعودی عرب میں 2022 تک شہریوں کے لیے گھروں کی ملکیت 47 فیصد سے بڑھ کر 60 فیصد سے زیادہ ریکارڈ کی گئی ہے۔
سعودی وزیر بلدیات و ہاؤسنگ ماجد الحقیل کے امریکہ کے 25 اگست کو سرکاری دورے کے اختتام سے قبل ان معاہدوں پر دستخط کیے گئے ہیں۔
لیبر مارکیٹ میں سعودیوں کے لیے روزگار کے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی ریئل اسٹیٹ ری فنانس کمپنی نے مارگیج ری فنانسنگ کے شعبے کو مقامی اور بین الاقوامی کیپٹل مارکیٹوں کے ذریعے وسعت دینے کے لیے بلیک راک اور کنگ اسٹریٹ کے ساتھ دو مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے۔
بین الاقوامی پارٹنرشپ کا مقصد فکسڈ انکم مارکیٹس کے ذریعے فنڈنگ کے ذرائع کو مضبوط بنانا ہے جس سے مملکت میں مزید غیر ملکی سرمایہ کاری کو سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔
سعودی مارگیج گارنٹی سروسز کمپنی ضمانات نے سرمایہ کاری کی حکمت عملیوں اور ریئل اسٹیٹ فنانسنگ میں فنڈز کے لیے بلیک روک اور اپالو کمپنوں کے ساتھ شراکت داری کے معاہدوں پر دستخط کیے ہیں جس کا مقصد مقامی اور عالمی سرمایہ کاروں کی بنیاد بڑھانا اور ریئل اسٹیٹ مارکیٹ کی پائیدار ترقی میں تعاون کرنا ہے۔
مملکت میں غیرملکی سرمایہ کاری کو سہولتیں فراہم ہوں گی۔ فوٹو عرب نیوز
سعودی سینٹرل بینک کے ذریعے لائسنس یافتہ کمپنی ’ضمانات‘ 2023 میں 18ارب ریال کے سرمائے کے ساتھ قائم کی گئی جو مکمل طور پر سعودی ریئل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کی ملکیت ہے۔
وزیر بلدیات و ہاؤسنگ ماجد الحقیل نے اپنے دورے کے دوران امریکی حکومت کے مختلف عہدیداروں، تعمیراتی اور ریئل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ کمپنیوں کے سربراہوں اور مالیاتی اداروں سے ملاقاتیں کیں۔
ضمانات کمپنی 2023 میں 18 بلین ریال کے سرمائے سے قائم کی گئی۔ فوٹو ضمانات
تعمیراتی کمپنیوں کے عہدیداروں سے ملاقات کا مقصد دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانا، شراکت داری کی تعمیر، مہارت کا تبادلہ اور کامیاب بین الاقوامی ہاؤسنگ، ریئل اسٹیٹ اور شہری ترقی کے طریقوں کو رائج کرنا تھا۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں