Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مجھے سعودی عرب میں کھیلنا بہت پسند ہے، کرسٹیانو رونالڈو

النصر کلب کی جانب سے رونالڈو اب تک 67 میچوں میں 61 گول کر چکے ہیں۔ (فوٹو: گیٹی امیجز)
پرتگال کے عظیم فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کا کہنا ہے کہ اُنہیں سعودی عرب میں کھیلنا بہت پسند ہے۔
سعودی پرو لیگ میں فٹبال کلب الںصر کی نمائندگی کرنے والے سپرسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے حالیہ انٹرویو میں اپنی ریٹائرمنٹ کے پلان کے بارے میں بات کی۔
پرتگالی ٹی وی چینل ناؤ سے بات کرتے ہوئے کرسٹیانو رونالڈو نے کہا کہ ’مجھے نہیں علم میں ریٹائر جلدی ہوں گا، دو یا تین برسوں بعد ہوں گا لیکن میں الںصر سے ہی ریٹائر ہوں گا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’میں اس کلب میں بہت خوش ہوں اور مجھے اس ملک میں رہنا بہت اچھا لگتا ہے۔ مجھے سعودی عرب میں کھیلنا بہت پسند ہے۔ میں یہاں کھیل جاری رکھنا چاہتا ہوں۔‘
کرسٹیانو رونالڈو نے مزید بتایا کہ وہ اپنی قومی ٹیم سے جب ریٹائر ہوں گے تو اس کا اعلان پہلے نہیں کریں گے بلکہ اُن کی قومی ٹیم سے ریٹائرمنٹ ایک اچانک فیصلہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ’جب میں اپنی قومی ٹیم کو چھوڑوں گا تو میں اس سے پہلے کسی کو کچھ نہیں بتاؤں گا، وہ میرا فوری فیصلہ ہوگا، لیکن میں وہ فیصلہ سوچ سمجھ کر کروں گا۔ ابھی میں اپنی قومی ٹیم کی آنے والے میچوں میں مدد کرنا چاہتا ہوں۔ نیشنز لیگ شروع ہونے والی ہے جہاں میں کھیلنا چاہتا ہوں۔‘
ریٹائرمنٹ کے بعد اپنی زندگی کے بارے میں کرسٹیانو رونالڈو نے بتایا کہ ’میرے دماغ میں اس وقت ایسا کچھ بھی نہیں چل رہا کہ میں کسی ٹیم کا کوچ بنوں گا۔ میں اپنا مستقبل ایسا نہیں دیکھ رہا۔ میں فٹبال کے علاوہ کام کرنا چاہتا ہوں لیکن صرف خدا کو علم ہے کہ مستقبل میں کیا ہوگا۔‘
خیال رہے کہ کرسٹیانو رونالڈو سپین کی فٹبال لیگ لا لیگا، انگلینڈ کی فٹبال لیگ انگلش پریمیئر لیگ اور اٹلی کی فٹبال لیگ سیرا اے میں کامیابی کے جھنڈے گاڑنے کے بعد 2023 میں الںصر کلب میں شامل ہوئے۔
النصر کلب کی جانب سے رونالڈو اب تک 67 میچوں میں 61 گول کر چکے ہیں۔

شیئر: